قومی ائیر لائن 15جون سے امریکہ کیلئے پروازیں بند کرکے اتحاد ائیر ویز حقوق منتقل کردیگی،معاملات انتہائی رازداری سے وزیراعظم اور انکے مشیر ہوابازی شجاعت عظیم کی ہدایت پر طے کئے گئے ،ذرائع

منگل 19 مئی 2015 06:57

نیویارک(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔19 مئی۔2015ء)پاکستان اورامریکہ کے درمیان اور امریکی فضاؤں میں 60سال سے زائد عرصے تک قومی پرچم بلند کرنے والی پاکستان انٹرنیشنل ائیرلائنز 15جون سے اپنی پروازیں بند کرکے خلیجی ائیرلائن کو حقوق ٹرانسفر کردیگی۔ذرائع کے مطابق پی آئی اے اور اتحاد ائیرویز کے درمیان معاملات انتہائی رازداری سے وزیراعظم نوازشریف اور انکے مشیر برائے ہوابازی شجاعت عظیم کی ہدایت پر طے کئے گئے ہیں۔

ان ذرائع کے مطابق پی آئی اے یونین کے سابق رہنما اور موجودہ حکومتی سینیٹر بھی گزشتہ جمعہ کو نیویارک پہنچے ہیں جنکے بھائی پی آئی اے کے ایک اعلیٰ عہدیدار بھی ہیں اور قانونی دستاویزات اور پی آئی اے پروازیں بند کرنے کا حتمی معاہدہ بھی حکومتی سینیٹر کی زیر نگرانی فائنل کیا گیا۔

(جاری ہے)

اس سے قبل سابقہ زرداری حکومت نے ترکش ائیرلائنز کے ساتھ اسی قسم کا معاہدہ کیا گیا جس کے بعد پاکستان اور امریکہ کے درمیان9پروازوں کو کم کرکے دو ہفتہ وار پروازیں کردیاگیا،اب موجودہ دو پروازیں جو مکمل طور پردونوں جانب سے پوری گنجائش کے ساتھ پرواز کرتی ہیں کو بند کرکے اتحاد ائیرویز کو حقوق دے دئے گئے ہیں تاہم پی آئی اے کی ان پروازوں سے ابوظہبی سے اسلام آباد لاہور یا کراچی کے مسافروں کو پی آئی اے لے جانے کی اجازت اتحاد کی مرضی پر منحصر ہوگی۔

ان ذرائع کے مطابق پاکستان اور امریکہ کے درمیان پروازوں کا آغاز1960ء کی دہائی میں شروع کیا گیا تاہم ایک مرتبہ یہ روٹ بند ہونے سے پی آئی اے کو یہ روٹ نہیں مل سکتا،اس سے قبل بنگلہ دیش کی ائیرلائن بھی اپنی پروازیں اسی قسم کا معاہدہ کرکے دستبردار ہوچکی ہے جو دوبارہ یہ روٹ حاصل کرنے میں ناکام ہوچکی ہے ۔

متعلقہ عنوان :