شمالی وزیرستان،شوال میں ڈرون حملہ، 6شدت پسند ہلاک ،2زخمی،امریکی ڈرون حملو ں پر پاکستان کا شدید احتجاج، امر یکہ حملے بند کر ے ان میں بے گناہ شہری مارے جارہے ہیں،پاکستان خود مختار ملک ہے ، حملے ملکی سالمیت کے خلاف ہیں ، دہشتگردی کیخلاف آپریشنز متاثر ہونگے ،ترجمان دفتر خارجہ قاضی خلیل اللہ

منگل 19 مئی 2015 06:47

میران شاہ(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔19 مئی۔2015ء)شمالی وزیرستان کی تحصیل شوال میں ڈرون حملے کے نتیجے میں 6شدت پسند ہلاک جبکہ 2زخمی ہوگئے ۔نجی ٹی وی کے مطابق پیرکی شب ڈرون طیارے نے شمالی وزیرستان کی تحصیل شوال کے علاقے زوئے نرسے بیس ایک گھرپردومیزائل داغے جس کے نتیجے میں گھرمیں موجود6شدت پسندہلاک جبکہ دوزخمی ہوگئے ۔ذرائع کے مطابق یہ گھرشدت پسندوں کاخفیہ ٹھکانہ تھا۔

ادھرپاکستان نے 16 مئی کو شمالی وزیرستان میں ہونے والے ڈرون حملے پر امریکہ سے شدید احتجاج کر تے ہوئے حملے بند کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق پیر کے روز دفترخارجہ کے ترجمان قاضی خلیل اللہ نے گزشتہ روز امریکی ڈرون حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکی ڈرون حملوں سے بے گناہ شہری مارے جارہے ہیں اورعوام میں بدگمانی مایوسی پیدا ہو رہی ہے ،انہوں نے کہا کہ پاکستان دہشت گردوں کے خلاف فیصلہ کن جنگ لڑ رہا ہے اور ملک میں آپریشن ضرب عضب کامیابی سے جاری ہے ، ان حملو ں سے دہشتگردی کیخلاف آپریشنز متاثر ہونگے،انہوں نے کہا کہ گزشتہ روز ہونے والے ڈرون حملوں سے مقامی بے گناہ شہری مارے گئے جس کی ہم شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں ،ترجمان دفتر خارجہ نے ایک بار پھر امریکہ سے مطالبہ کیا ہے کہ ڈرون حملے بند کئے جائیں اور ڈرون ٹیکنالوجی پاکستان کو فراہم کی جائے تاکہ ڈرون حملوں سے دہشت گردی کا خاتمہ کیا جا سکے اور معصوم اور بے گناہ شہری کی ہلاکتوں سے بچا جا سکے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک خود مختار ملک ہے ، امریکی ڈرون حملے پاکستان کی سرحد ی حدود اور سالمیت کی خلاف ورزی ہیں،انہوں نے کہا کہ ڈرون حملے عوامی اعتماد کے حصول کی کوششوں کی راہ میں رکاوٹ ہیں ان کو فوری طور پر بند ہونا چاہئے ۔