سندھ میں گورنر راج سے کوئی خوف نہیں ،آصف زرداری ، وزیر اعلیٰ سندھ کو تبدیل نہیں کریں گے جب نیوٹرل ایمپائر ہوں گے ، پیپلزپارٹی پھر راج کرے گی،بلاول واپسی کیلئے دبئی پہنچ چکے ہیں،ذوالفقار مرزا جو کچھ کہہ رہے ہیں اس پر کیا کہہ سکتاہوں،صحافیوں سے گفتگو

منگل 19 مئی 2015 06:45

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔19 مئی۔2015ء) سابق صدر اور پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ مجھے سندھ میں گورنر راج سے کوئی خوف نہیں ہے۔ وزیر اعلیٰ سندھ کو تبدیل نہیں کریں گے جب نیوٹرل ایمپائر ہوں گے، پیپلزپارٹی پھر راج کرے گی۔ اسلام آباد میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ 18 ویں ترمیم کے بعد گورنر راج لگانا آسان نہیں ہے ۔

گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد کو ذاتی طورپر پسند کرتا ہوں۔ ان کے مستقبل کے بارے میں ایم کیو ایم ہی بہتر بتا سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگرکوئی اقتصادی راہداری کے مزید روٹس بنانا چاہتا ہے تو ہمیں اعتراض نہیں ہے۔ منصوبے پر سب کو متفق کرنے کی کوشش کریں گے۔ سیاسی جماعتوں کو نئی پیش رفت پر راضی کرنے کو تیار ہوں۔

(جاری ہے)

حکومت سندھ کسی صورت کمزور نہیں ہے‘ سندھ میں گورنر راج کسی کی خواہش ہوسکتاہے ہمیں اس سے کوئی خوف نہیں ہے۔

گورنر راج کی کوئی صورتحال نطر نہیں آرہی۔ وزیر اعلیٰ سندھ کو تبدیل نہیں کررہے انہوں نے کہا کہ اپنے دور حکومت میں بڑے بڑے دباؤدیکھے، گھمبیر صورتحال کے باوجود اپنا چیئرمین سینیٹ بنوایا۔ ایمپائر کے باوجود سندھ میں حکومت بنا کر دکھائی انہوں نے کہا کہ اب بھی نیوٹرل ایمپائر ہوئے تو پیپلزپارٹی پھر الیکشن جیتے گی اور راج کرے گی۔ بلاول بھٹو کی واپسی کی تاریخ نہیں دے سکتا۔ بلاول ڈگری لے کر دبئی پہنچ چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ذوالفقار مرزا جو کچھ کہہ رہے ہیں اس پر کیا کہہ سکتاہوں۔ ذوالفقار مرزا کہتے تھے میرے کپڑے اور گھر زرداری کا ہے۔