آخری دہشت گرد کے خاتمے تک آپریشن ضرب عضب جاری رہے گا ،خواجہ آصف ،پاک فوج دہشت گردی کے مکمل خاتمہ کیلئے اہم کردار ادا کررہی ہے، جلسہ عام سے خطاب

پیر 18 مئی 2015 06:54

سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔18 مئی۔2015ء) وفاقی وزیر دفاع و پانی و بجلی خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ پاکستان کی افواج دہشت گردی کے مکمل خاتمہ کے لئے اپنا اہم کردار ادا کررہی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سیالکوٹ ورکنگ باؤنڈری کے سرحدی گاؤں کنگرہ،پسرور میں ایک جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ آخری دہشت گرد کے خاتمے تک آپریشن ضرب عضب جاری رہے گا اور اس حوالے سے پوری قوم مسلح افواج کے شانہ بشانہ مادروطن کے دفاع کے لئے اپنی جانوں تک کے نذرانے دینے کے لئے تیار ہے۔

انہوں نے کہا کہ بھارت پاکستان میں ہونے والی دہشت گردی اور اور دہشت گردوں کو سپور ٹ کر رہا ہے اور پاکستان اس صورتحال سے بخوبی آگاہ ہے لیکن پاکستان بھارت سمیت تمام ہمسایہ ممالک پر امن تعلقات کا فروغ چاہتا ہے۔ بعدازاں انہوں نے سرحدی گاؤں باجڑہ گڑھی میں گورنمنٹ گرلز ڈگری کالج کے قیام کے منصوبہ اور سیالکوٹ سے کنگرہ سرحدی دو رویہ سڑک کی تعمیر کے منصوبے کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر اراکین قومی و صوبائی اسمبلی کے علاوہ کارکنان اور عہدیداران بھی موجود تھے۔