”را کی پاکستان میں سرگرمیاں،وفاقی حکومت کا اعلیٰ سطحی اجلاس بلانے کا فیصلہ ،میں سویلین و فوجی خفیہ اداروں کے سربراہان ،اعلیٰ فوجی اور سویلین حکام شرکت کریں گے،بلوچستان،سندھ شدت پسند کارروائیوں کے ثبوتوں سے متعلق غور کیا جائے گا،وزارت داخلہ کے اہلکار کی بی بی سی سے گفتگو

اتوار 17 مئی 2015 07:58

اسلا م آباد/لندن (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔17 مئی۔2015ء) وفاقی حکومت نے بھارتی خفیہ ایجنسی ’را‘ کی پاکستان میں سرگرمیوں کا جائزہ لینے کے لیے ایک اعلیٰ سطحی اجلاس بلانے کا فیصلہ کیا ہے۔ اجلاس میں ماضی قریب میں کراچی، بلوچستان اور ملک کے دوسرے علاقوں میں ہونے والی شدت پسندی کے واقعات میں بھارتی خفیہ ایجنسی کے ملوث ہونے کے بارے میں جمع کیے گئے ثبوت کا جائزہ لیا جائے گا۔

وزارت داخلہ کے ایک اہلکار نے بی بی سی کو بتایا کہ یہ اجلاس وزیر اعظم کی سربراہی میں آئندہ ہفتے منعقد ہوگا جس میں سویلین اور فوجی خفیہ اداروں کے سربراہان کے علاوہ اعلیٰ فوجی اور سویلین حکام بھی شرکت کریں گے۔اس اعلیٰ سطح کے اجلاس میں بلوچستان اور سندھ میں ہونے والی شدت پسندی کی کارروائیوں کی تفتیش کی روشنی میں سامنے آنے والے ثبوتوں سے متعلق بھی غور کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

اہلکار کے مطابق ان ثبوتوں کی روشنی میں بھارتی خفیہ ادارے کی کارروائیوں کا موثر جواب دینے اور اس معاملے کو عالمی سطح پر اْٹھانے کے بارے میں فیصلہ کیا جائے گا۔ اہلکار کے مطابق خفیہ اداروں کی طرف سے وزارت داخلہ کو جو رپورٹ بھجوائی گئی ہے اس میں اس بات کا بھی ذکر کیا گیا ہے کہ پاکستان اور چین کے درمیان اقتصادی راہداری کے منصوبوں پر دستخط کے بعد ’را‘ کی پاکستان کو غیر مستحکم کرنے کی سرگرمیوں میں تیزی آئی ہے۔

دونوں ملکوں کے درمیان اقتصادی منصوبوں کے بعد شدت پسندی کی کارروائیوں کے بارے میں وزیر اعظم خود کہہ چکے ہیں کہ پاکستان دشمن قوتوں کو یہ منصوبے ہضم نہیں ہو رہے۔پاکستانی حکومت بلوچستان صوبے میں بھارتی خفیہ اداروں کے ملوث ہونے کے بارے میں شواہد بھارتی حکومت کو بھی فراہم کرچکی ہے۔