لاہور ہائیکورٹ ، منی لانڈرنگ کیس میں نواز شریف کو نااہل اور ای سی ایل میں نام ڈالنے کی درخواست کی سماعت غیر معینہ مدت تک ملتوی

ہفتہ 16 مئی 2015 08:36

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔16 مئی۔2015ء) لاہور ہائیکورٹ کے فل بنچ نے منی لانڈرنگ کیس میں نواز شریف کو نااہل قرار دینے اور ای سی ایل میں نام ڈالنے کے لئے دائر پٹیشن کی سماعت غیر معینہ مدت تک ملتوی کرتے ہوئے پٹیشن کے قابل سماعت ہونے سے متعلق مزید دلائل طلب کر لئے،عدالت نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا ہے کہ قانونی ضابطے کے بغیر عدالت ای سی ایل کے نام پرکسی شہری کی آزادی سلب نہیں کر سکتی۔

لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس محمد فرخ عرفان خان کی سربراہی میں پانچ رکنی فل بنچ نے کیس کی سماعت کی۔درخواست گزار نے دلائل دیتے ہوئے کہاکہ میاں نواز شریف نے اربوں روپے غیر قانونی طور پر بیرون ملک منتقل کئے۔پلاٹوں کی بندر بانٹ کی اور اپنے اختیارات سے تجاوز کرتے رہے۔انہوں نے کہا کہ ضابطہ دیوانی کے تحت نواز شریف کو عدالت میں طلب کیا جائے تاکہ نواز شریف پر جرح کی جا سکے اور عدالتی فیصلہ آنے تک نواز شریف کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ میں ڈالا جائے۔

(جاری ہے)

جس پر عدالت نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ عدالت درخواست کے قابل سماعت ہونے کا فیصلہ کئے بغیر کوئی حکم کیسے جاری کر سکتی،اگر جرح بھی اسی عدالت میں کرنی ہے تو کیا ماتحت عدلیہ بند کرا دی جائے۔سرکاری وکیل کی جانب سے درخواست کے ناقابل سماعت ہونے پر درخواست گزار نے اعتراض کرتے ہوئے کہا کہ عدالتی معاونت کے لئے غیر جانبدار وکیل مقرر کیا جائے۔عدالت نے نواز شریف کو عدالت میں بلانے اور نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ میں ڈالنے کے لئے دائر متفرق درخواست کی سماعت بھی ملتوی کر دی۔عدالت نے مرکزی درخواست کے قابل سماعت ہونے سے متعلق مزید دلائل طلب کرتے ہوئے کیس کی مزید سماعت غیر معینہ تک ملتوی کر دی۔