سانحہ صفورا :اسماعیلی برادری کے 44افراد کی نماز جنازہ الاظہر گارڈن میں ادا کی ، نماز جنازہ میں جاں بحق افراد کے لواحقین، اسماعیلی برادری کے افراد اور مختلف سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں نے شرکت کی ، الاظہر گارڈن سے لے کر یونیورسٹی روڈ تک پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری کے علاوہ پولیس کے 200 ، ریپڈ ریسپانس فورس کے 100 جوان اور اونچی عمارتوں پر ماہر نشانہ بھی تعینات رہے اسماعیلی برادری کے اسکاؤٹس نے بھی سکیورٹی کی ذمہ داری سنبھالی ہوئی تھی

جمعہ 15 مئی 2015 09:13

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔15 مئی۔2015ء)کراچی میں جاں بحق اسماعیلی برادری کے 44افراد کی نماز جنازہ الاظہر گارڈن میں ادا کی گئی۔ نماز جنازہ کے موقع پر سیکیورٹی کے سخت انتظاما ت کئے گئے تھے۔نماز جنازہ میں سیاسی رہنما بھی شریک تھے۔کراچی کے علاقے صفورا چورنگی کے قریب گذشتہ روز ہوئے دہشتگردی کے افسوسناک واقعے میں جاں بحق 44افراد کی نماز جنازہ ادا کردی گئی۔

نمازجنازہ صفورہ کے قریب الاظہرگارڈ ن میں ادا کی گئی۔ اس موقع پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے جبکہ اسماعیلی برادری کے اسکاؤٹس نے بھی سیکیورٹی کی ذمہ داری سنبھالی ہوئی تھی۔ نماز جنازہ کی ادائیگی سے پہلے آغا خان ہسپتال سے 32 جبکہ ایدھی سرد خانے سے 12 میتوں کو الاظہر گارڈن لایا گیا۔ اس موقع پر الاظہر گارڈن سے لے کر یونیورسٹی روڈ تک پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری کے علاوہ پولیس کے 200 ، ریپڈ ریسپانس فورس کے 100 جوان اور اونچی عمارتوں پر ماہر نشانہ بھی تعینات رہے۔

(جاری ہے)

نماز جنازہ میں جاں بحق افراد کے لواحقین، اسماعیلی برادری کے افراد اور مختلف سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں نے شرکت کی۔ نماز جنازہ میں وزیر مملکت عبدالحکیم بلوچ ، مسلم لیگ نواز کے سینیٹر سلیم ضیا ، تحریک انصاف کے علی زیدی ، مسلم لیگ ق کے حلیم عادل شیخ بھی شریک ہوئے۔اس موقع پررقت آمیز مناظر دیکھنے میں آئے ، ہر آنکھ اشک بار تھی اور ہر لب پر مرنیوالوں کے لیے دعا تھی۔ نماز جنازہ کے بعد جاں بحق افراد کی میتیں ایمبولینسوں میں کراچی کے سخی حسن قبرستان پہنچائی گئیں جہاں آنسوؤں اور سسکیوں کے ساتھ مرنے والوں کو سپردخاک کردیا گیا۔

متعلقہ عنوان :