پنجاب میں توانائی کے تین منصوبوں کو ایل این جی فراہمی کیلئے گیس پائپ لائن بچھائی جائے گی، اسحاق ڈار، منصوبوں سے 3600میگا واٹ بجلی پیدا ہوگی، پہلی قسط جلد ہی فراہم کی جائے گی، منصوبہ دسمبر 2016تک مکمل کیا جائے گا،میں اعلیٰ سطحی اجلاس سے خطاب

جمعہ 15 مئی 2015 09:13

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔15 مئی۔2015ء) وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ پنجاب میں توانائی کے تین منصوبوں کو ایل این جی کی فراہمی کے لئے گیس پائپ لائن بچھائی جائے گی ان منصوبوں سے 3600میگا واٹ بجلی پیدا ہوگی، منصوبے کیلئے پہلی قسط20ارب ڈالر جلد ہی فراہم کی جائے گی یہ منصوبہ دسمبر 2016تک مکمل کیا جائے گاان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد میں اعلیٰ سطحی اجلاس کے دوران کیااجلا س میں وفاقی وزیر پٹرولیم اور قدرتی وسائل شاہد خاقان عباسی بھی موجود تھے اجلاس میں شمال جنوب گیس سپلائی کے منصوبے کیلئے فنڈز کی فراہمی پر غور کیا گیا منصوبے کا بنیادی مقصد پنجاب میں توانائی کے تین منصوبوں کے لئے ایل این جی کی فراہمی ہے جس میں 1200واٹ کا ایک منصوبہ پنجاب حکومت کا ہے جبکہ 2400میگاواٹ بجلی کے دو منصوبے وزارت پانی و بجلی کے ہیں منصوبوں کیلئے ایل این جی کی فراہمی کے سلسلے میں بھی وزارت پانی و بجلی اور بجلی گھروں کے ساتھ معاہدے کر چکی ہے اس سلسلے میں وزیر خزانہ کے حکم پر اپریل میں ایک کمیٹی نے منصوبے کے قابل عمل ہونے اور اس کے لئے مطلوبہ گرانٹ کے سلسلے میں اپنی سفارشات پیش کی تھی جس کے تحت منصوبے کی پہلی قسط20ارب روپے جلد ہی جاری کر دئیے جائیں گے۔