سانحہ صفورا، ملزموں کی گرفتاری کیلئے مشترکہ آپریشن کا فیصلہ،آرمی چیف نے منظوری دیدی ،آرمی چیف کی زیر صدارت اپیکس کمیٹی کا خصوصی اجلاس،حساس اداروں نے اہم معلومات کا تبادلہ کیا، دہشت گردوں کے خلاف آپریشن تیز کرنے کا فیصلہ ،دہشت گردوں اور سہولت کاروں کو برداشت نہیں کیا جائیگاعوام اور سرحدوں کی حفاظت کیلئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کرینگے،جنرل راحیل شریف کا اجلاس سے خطاب

جمعہ 15 مئی 2015 09:05

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔15 مئی۔2015ء)آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے کہا ہے کہ عوام اور سرحدوں کی حفاظت کیلئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے ،آرمی چیف نے سانحہ صفورا پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایسے واقعات کی روک تھام ہرممکن اقدامات کئے جائیں ،دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائیگا،قانون نافذ کرنے والے ادارے مل کر دہشت گردوں کا خاتمہ کریں گے ،جمعرات کے روز کراچی ہیڈ کور کوارٹر میں آرمی چیف جنرل راحیل شریف کی زیر صدارت ایپکس کمیٹی کا خصوصی اجلاس ہوا،اجلاس میں گورنر ،وزیراعلیٰ سندھ ،ڈی جی آئی ایس آئی ،ڈی جی آئی ایس پی آر،ڈی جی رینجرز، کور کمانڈر کراچی ،چیف سیکرٹری سندھ ،ڈی جی ایم آئی نے شرکت کی ،اجلاس میں کراچی میں امن وامان کی مجموعی صورت حال اور سانحہ صفورا پر تبادلہ خیال کیا گیا ،اجلاس میں سندھ حکومت کی جانب سے نیشنل ایکشن پلان کے تحت اب تک کیے جانے والے اقدامات سمیت دیگر اہم امور پر بھی زیر غور آئے،اجلاس میں حساس اداروں نے سانحہ صفورا پر اہم معلومات کا تبادلہ کیا ہے اور اس معلومات پر دہشت گردوں کے خلاف آپریشن تیز کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ سانحہ صفورا کے ملزمان کو پکڑنے کے لئے فوج ،رینجرز ،پولیس اور دیگر سکیورٹی ادارے مل کر مشترکہ آپریشن کریں گے،،اجلاس میں آرمی چیف نے دہشت گردوں کے خاتمے کیلئے فیصلہ کن آپریشن کی منظوری دیدی ہے اور اس حوالے سے مختلف تجاویز کو بھی منظور کیا گیا ہے،اجلاس میں دہشت گردی کے خاتمے کیلئے ٹارگٹ آپریشن کو تیز اورکراچی کی داخلی اور خارجی سکیورٹی کو مزید سخت کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے اور اس حوالے سے خارجی اور داخلی راستوں پر رینجرز کی چیک پوسٹیں قائم کی جائیں گی،کراچی میں دہشت گردی کے خاتمے کیلئے طویل المدت حکمت عملی پر بھی غور کیا گیا ہے،اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کیلئے خفیہ معلومات کے نظام کو مربوط موثر بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

آرمی چیف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کراچی میں دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کو ہر صورت پکڑا جائے ،سانحہ صفورا پر آرمی چیف نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مستقبل میں ایسے واقعات کی روک تھام کیلئے خصوصی اقدامات کئے جائیں اورسکیورٹی ادارے مل کر دہشت گردی کے خاتمے کیلئے مشترکہ کوششیں کریں ،انہوں نے کہا کہ فوج ملک کی سرحدوں اور عوام کی حفاظت کے لئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے،ملک میں امن و استحکام کیلئے ہر قربانی دیں گے