پر امن کمیونٹی پر دہشت گرد حملہ ناقابل فہم، جتنی مذمت کی جائے کم ہے، پرنس کریم آغا، وزیراعظم، آرمی چیف ، آصف زرداری کا پرنس کریم آغا خان کو ٹیلیفون

جمعرات 14 مئی 2015 09:23

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔14 مئی۔2015ء) اسماعیلی کمیونٹی کے روحانی پیشوا پرنس کریم آغا خان نے کہاہے کہ پر امن کمیونٹی پر دہشت گرد حملہ ناقابل فہم ہے جس کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق بدھ کے روز کراچی کے علاقے منصورا چوک پر دہشت گرد حملے پر اسماعیلی کمیونٹی کے روحانی پیشوا پرنس کریم آغا خان نے کہا ہے کہ اسماعیلی کمیونٹی پاکستان کی پر امن کمیونٹی ہے اور اس کے باوجود اس پر دہشت گرد حملہ ہونا ناقابل فہم ہے جس کی سخت الفاظ میں مذمت کرتا ہوں اور حکومت وقت سے مطالبہ کرتا ہوں کہ اسماعیلی کمیونٹی کی سکیورٹی کو یقینی بنایا جائے تاکہ مستقبل میں ایسے حادثات سے بچا جاسکے۔

انہوں نے مزید کہا کہ میری ہمدردیاں غمزدہ خاندانوں کے ساتھ ہیں اور جاں بحق افراد کیلئے دعا گو ہوں اور دعا ہے کہ زخمی جلد صحت یاب ہوں۔

(جاری ہے)

وزیراعظم محمدنوازشریف نے پرنس کریم آغاخان سے سانحہ کراچی پرتعزیت کی ،وزیراعظم نے بدھ کی شب پرنس کریم آغاخان کوفون کیااورکراچی سانحے پرگہرے دکھ اورافسوس کااظہارکیا۔وزیراعظم نے جاں بحق ہونے والوں کی وفات پرتعزیت کی ۔

وزیراعظم نے کہاکہ بربریت کے واقعات ملک کودہشتگردی سے پاک کرنے سے نہیں روک سکتے اوربہادرپاکستانی قوم کوکوئی شکست نہیں دے سکتا۔معصوم افرادکے قاتلوں کاصفایاکریں گے ۔انہوں نے کہاکہ جامع نتائج کے حصول تک آپریشن جاری رکھیں گے۔آرمی چیف نے پرنس کریم آغاخان کو ٹیلی فون کر کے سانحہ کراچی پرتعزیت کی۔ جنرل راحیل شریف نے کہا کہ سانحہ کے ذمہ داروں اور معاونین کونہیں چھوڑیں گے، انہیں کیفرکردارتک پہنچا کر دم لیں گے۔

آئی ایس پر آر کے مطابق آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے کراچی حملے میں بے گناہ انسانوں کو نشانہ بنانے پر بھی افسوس کااظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے دل سوگوار خاندانوں کے ساتھ ہیں۔ واقعے کے ذمے داروں کو کیفر کردار تک پہنچائیں گے۔ اس سے قبل آرمی چیف نے دورہ سری لنکا ملتوی کرکے کراچی کا رخ کیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل کراچی میں بس پر حملے کے باعث دورہ سری لنکا منسوخ کیا، آرمی چیف کراچی میں دہشتگردی کی صورتحال کا جائزہ لیں گے۔

دوسری جانب صورتحال جاننے اور زخمیوں کی عیادت کرنے کیلئے آرمی چیف نے آغا خان اسپتال کا دورہ کرنا تھا تاہم چند وجوہات کی بنا پر جنرل راحیل شریف نے آغا خان اسپتال کا دورہ بھی ملتوی کردیا۔سابق صدر آصف علی زرداری نے پرنس کریم آ غا خان کو فون کرکے سانحہ صفورا گوٹھ کی مذمت اور قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے دہشت گردوں کو کیفر کردار تک پہنچانے کی یقین دہانی کرا دی۔

آصف علی زرداری نے بدھ کے روز صفورا گوٹھ میں دہشت گردوں کی بس پر فائرنگ کے واقعے کے بعد اسماعیلی فرقے کے پیشوا پرنس کریم آغا خان کو فون کیا اورحملے کی شدید مذمت اور قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر تعزیت اورگہرے دکھ کا اظہار کیا ۔ آصف علی زرداری نے کہا کہ سندھ حکومت اور پاکستان پیپلزپارٹی غم ذدہ خاندانوں کے ساتھ ہے دہشت گردوں اور انکے معاونین کو کیفر کردار تک پہنچائین گے۔ سندھ حکومت اسماعیلی برادری کے غم میں برابر کی شریک ہے۔