وزیراعظم کی زیر صدارت اے پی سی ، پارلیمانی رہنماوٴں کا اقتصادی راہداری روٹ کا دورہ کرانے کا مطالبہ ، شرکاء کی منصوبے کی مانیٹرنگ کیلئے پارلیمانی کمیٹی بنانے کی تجویز ، اہم معاملات پر مشاورت کو بائی پاس نہیں کر سکتے،حکومت قومی معاملات اتفاق رائے سے حل کرنے پر یقین رکھتی ہے،نوازشریف ،سیاسی قیادت ملکی مستقبل کی خاطر منصوبے کی حمایت کرے، آصف زرداری ، اقتصادی راہداری کا مقصد طویل المدتی پروگرام کے تحت ملک کے تمام حصوں کی یکساں ترقی کو یقینی بنانا ہے، منصوبہ2030ء مکمل ہو گا،احسن اقبال کی بریفنگ

جمعرات 14 مئی 2015 09:20

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔14 مئی۔2015ء )وزیراعظم محمد نوازشریف کی زیر صدارت آل پارٹیز کانفرنس میں پارلیمانی رہنماوٴں نے پاک چین اقتصادی راہداری کے روٹ کا دورہ کرانے کا مطالبہ کر دیا. شرکاء نے منصوبے کی مانیٹرنگ کیلئے پارلیمانی کمیٹی بنانے کی تجویز بھی دے دی۔ نواز شریف کا کہنا ہوے کہ اہم معاملات پر مشاورت کو بائی پاس نہیں کر سکتے۔

آصف زرداری کا کہنا ہے کہ سیاسی قیادت ملکی مستقبل کی خاطر منصوبے کی حمایت کرے۔ پاک چین اقتصادی راہداری سے متعلق آل پارٹیز کانفرنس کے دوران پارلیمانی رہنماوٴں کی جانب سے مختلف آرا کا اظہار کیا گیا۔ راہداری کے مجوزہ روٹس کے دورے کا مطالبہ بھی سامنے آیا۔ شرکا نے منصوبے کی مانیٹرنگ کیلئے پارلیمانی کمیٹی بنانے کی تجویز بھی دی۔

(جاری ہے)

وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ حکومت تمام قومی معاملات اتفاق رائے سے حل کرنے پر یقین رکھتی ہے۔

مشاورت کو بائی پاس نہیں کر سکتے۔ سابق صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ پیپلز پارٹی اقتصادی راہدری منصوبے کی مکمل حامی ہے تمام سیاسی قیادت کو اس کی حمایت کرنی چاہیے۔ تحریک انصاف کے رہنما شاہ محمود قریشی نے پاک چین اقتصادی راہداری کو قومی منصوبہ قرار دیتے ہوئے حکومت کو مبارکباد دی۔ شرکا کو بریفنگ دیتے ہوئے وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے بتایا کہ پاک چین اقتصادی راہداری کا مقصد طویل المدتی پروگرام کے تحت ملک کے تمام حصوں کی یکساں ترقی کو یقینی بنانا ہے۔

منصوبہ دو ہزار تیس میں مکمل ہو گا۔ توانائی ، بنیادی ڈھانچے ، گوادر بندرگاہ کی ترقی اور ٹرانسپورٹیشن کی بہتری کے شعبوں میں چار ورکنگ گروپس تشکیل دئیے گئے ہیں۔ دونوں ملکوں نے صنعتی پارک اور اقتصادی زونز کے قیام کیلئے پانچواں ورکنگ گروپ تشکیل دینے پر بھی اتفاق کیا ہے۔ - تحریک انصاف کے شاہ محمود قریشی نے کہاکہ یہ ایک قومی منصوبہ ہے اس کی اہمیت اورفائدے ناصرف ہمارے ملک بلکہ پورے خطے کے لیے ہیں،مسلم لیگ ق کے مشاہد حسین سید نے کہاکہ تفصیلی بریفنگ سے ہرقسم کے ابہام دورہوگئے ،اس موقع پر وزیراعظم نے کہاکہ جن کے بھی تحفظات ہیں ہمارے ساتھ بیٹھ جائیں دورکیے جائیں گے ہم نے ہمیشہ محرومیاں دورکرنے کی بات کی ہے ،اوردوسروں کی خواہشات کااحترام کیاہے ریکورڈک پر ہم صوبائی حکومت کی بھرپورمددکررہے ہیں گوادرتک ناہموارسڑکیں ہموارکرکے مختلف صوبوں کے ساتھ عوامی رابطے کوبحال کرنے کی کوشش کررہے ہیں یقین سے کہتاہوں کہ گوادر ایک دن بین الاقوامی پورٹ بنے گا