افغانستان کے دشمنوں سے اپنے دشمن کی طرح نمٹیں گے،آرمی چیف ،عدم مداخلت پاک افغان تعلقات کا بنیادی جْز ہے، افغان حکام سے ملاقاتوں میں گفتگو ، ایف ڈبلیو او کو ایک ہفتے میں طور خم جلال آباد کیرج وے کی تعمیر شروع کرنے کی ہدایت،پاکستان افغان مصالحتی عملی کی بھرپور حمایت کرتا ہے،ڈی جی آئی آیس پی آر

بدھ 13 مئی 2015 08:03

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔13 مئی۔2015ء) ترجمان پاک فوج نے کہا ہے کہ عدم مداخلت پاک افغان تعلقات کا بنیادی جْز ہے، آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے افغان حکام کے ساتھ ملاقات میں ایک بار پھر اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ افغانستان کے دشمنوں سے اپنے دشمن کی طرح نمٹیں گے۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق چیف آف آرمی جنرل راحیل شریف نے کہا ہے کہ افغانستان کے دشمن پاکستان کے دشمن اور پاکستان کے دشمن افغانستان کے دشمن ہیں۔

آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے ایف ڈبلیو او کو ایک ہفتے میں طور خم جلال آباد کیرج وے کی تعمیر شروع کرنے کی ہدایت کردی ہے، پاکستان کی سیاسی و عسکری قیادت کے دورہ افغانستان کے دوران جنرل راحیل شریف نے تعطل کے شکار طور خم جلال آباد کیرج وے منصوبے کو بحال کرکے اس پر تعمیراتی کام جلد شروع کرنے کی ہدایت کی ہے۔

(جاری ہے)

ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل عاصم سلیم باجوہ نے اپنی تازہ ٹوئٹس میں کہا ہے کہ افغانستان کے ساتھ پاکستان کے تعلقات تین اصولوں پر قائم ہیں، جن میں ایک دوسرے کا وفادار رہنا، عدم مداخلت اور اپنی سرزمین دوسروں کے خلاف استعمال نہ ہونے دینا ہے، پاکستان اپنی سرزمین افغانستان کے خلاف استعمال کرنے کی اجازت نہیں دے گا، افغانستان کے دشمنوں کو پاکستان کے دشمن کے طور پر نمٹا جائے گا، ڈی جی آئی آیس پی آر نے کہا کہ پاکستان افغان مصالحتی عملی کی بھرپور حمایت کرتا ہے۔