عشرت العباد سے استعفیٰ کا مطالبہ کرنا محض ایک ڈرامہ ہے، ذوالفقارمرزا، شہید بے نظیر بھٹو کے قتل کی تحقیقات رحمان ملک سے شروع کرکے آصف علی زرداری پر ختم کی جائیں، کہ مجھے اب سیاست نہیں کرنی، اپنے حق کیلئے جنگ لڑنا چاہتا ہوں، نجی ٹی وی سے گفتگو

منگل 12 مئی 2015 08:48

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔12 مئی۔2015ء) سابق وزیر داخلہ سندھ ڈاکٹر ذوالفقارمرزا نے کہا ہے کہ گورنر سندھ عشرت العباد سے استعفیٰ کا مطالبہ کرنا محض ایک ڈرامہ ہے ۔ شہید بے نظیر بھٹو کے قتل کی تحقیقات سابق وزیر داخلہ رحمان ملک سے شروع کرکے آصف علی زرداری پر ختم کی جائیں ۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے ایک نجی ٹی وی سے گفتگو کے دوران کیا ۔

ان کا کہنا تھا کہ بدین کی شوگر ملز میری اور میری فیملی کی ہیں میری ساڑھے تین ہزار ایکڑ اراضی ہے اور پونے دو ہزار ایکڑ لیز پر دی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مجھے اب سیاست کرنی ہی نہیں میں اپنے حق کیلئے جنگ لڑنا چاہتا ہوں ۔ زرداری کو اس سٹیٹس پر پہنچانے میں تھوڑا حصہ ہے جبکہ بے نظیر بھٹو کے ساتھ شادی کروانے میں میرا کوئی کردار نہیں تھا آصف زرداری اور بی بی کے سٹیٹس میں بہت فرق تھا، بس اللہ کی طرف سے ہوا ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ آصف زرداری میرے بچپن سے دوست تھے ،اکٹھے ایک کالج میں پڑھتے رہے زرداری کی دلچسپی مار پیٹ اور دیگر مشاغل میں تھی کسی نے سوچا بھی نہیں تھا کہ آصف علی زرداری کی شادی بے نظیر بھٹو سے ہوجائیگی ۔ انہوں نے کہا کہ آصف علی زرداری کے ساتھ اجرتی قاتل ہیں جسٹس نظام قتل میں زرداری ملوث ہے میں مطالبہ کرتا ہوں کہ اس حوالے سے جوائنٹ تحقیقاتی کمیشن بنانے اور تحقیقات مجھ سے شروع کرے انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم گورنر سندھ عشرت العباد سے استعفی مانگنا صرف ڈرامہ ہے ایم کیو ایم صولت مرزا اور کراچی آپریشن کے نتائج سے بچنے کیلئے یہ سب کچھ کروائے جاتے ہیں انہوں نے کہا کہ ملک ریاض کوشش کررہے ہیں کہ مصطفی کمال کو گورنر شپ کیلئے لے آئے عشرت العباد میجر کلیم کیس میں براہ راست ملوث ہے میں نے گورنر ہاؤس میں عشرت العباد سمیت ایم کیو ایم کے تمام قائدین کے سامنے بولا تھا کہ اس دن سے جب کراچی کے مظلوم اور مقتول لوگ اٹھ کر اپنے حساب لینے کیلئے میدان میں نکلے تو پھر کوئی نہیں بچے گا انہوں نے عمران فاروق قتل کیس میں مبینہ دو ملزم کے حوالے سے کہا کہ اگلے اگلے چند روز میں چوہدری نثار ان ملزمان کو سامنے لے آئے گا وزیر داخلہ چوہدری نثار نڈر اور جراتمند غیرت مند انسان ہیں جبکہ رحمان ملک ان دو ملزمان کو چھپا رہے ہیں انہوں نے کہا کہ بے نظیر قتل کی تحقیقات رحمان ملک سے شروع کریں اور آصف زرداری پر ختم کریں نتیجہ خود بخود نکل آئے گا ۔