وفاقی وزیر داخلہ اور وزیر اعظم کے درمیان نادرا رپورٹ پر تلخیاں مزید بڑھ گئیں، چوہدری نثا ر کے خلاف پی ایم ہاؤس نے کچن کیبنٹ کے ساتھ مشاورت کر کے چارج شیٹ تیار کرنا شروع کر دی،بلدیاتی الیکشن میں وفاقی وزیر کوراولپنڈی کے دو حلقوں میں رسوا کرنیکا پلان مرتب

منگل 12 مئی 2015 08:45

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔12 مئی۔2015ء)وفاقی وزیر داخلہ اور وزیر اعظم کے درمیان نادرا رپورٹ پر تلخیاں مزید بڑھ گئیں ہیں ۔پاکستان تحریک انصاف کے ساتھ ہمدردیاں،ایس پی کی معطلی و وفاق بدری،نادرا رپورٹس،دھرنے والوں سے ہمدردیاں سمیت دیگرکر دہ و ناکردہ گناہوں کو یکجا کر کے وفاقی وزیر داخلہ کے خلاف پی ایم ہاؤس نے کچن کیبنٹ کے ساتھ مشاورت کر کے چارج شیٹ تیار کرنا شروع کر دی جبکہ پنجاب میں آئندہ بلدیاتی الیکشن میں چوہدری نثار علی خان کوراولپنڈی کے دو حلقوں میں رسوا کرنے کے پلان ترتیب دینے پر غور شروع کر دیا گیا ہے ۔

خبر رساں ادارے کو ملنے والی معلومات کے مطابق وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے سابق دور حکومت میں جو اقدامات اور مضبوط قدموں پر رہنے کی پیپلز پارٹی کو دھمکیاں دی تھیں اور خودانہی پر قائم رہنے کی کاوشوں میں مصروف تھے اور رہے،پی اے سی کی چیر مین شپ سے لیکر اپوزیشن لیڈر تک جو بھی اسمبلی اور ایوان صدر کے گیٹ پر دھاوا بولنے تک وفاقی وزیر داخلہ کو سب کچھ یاد ہے اور موجودہ اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ بھی روزمرہ کی بنیاد پر یاد کرواتے رہتے ہیں،تاہم وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف نے دور اقتدار میں آنے کے بعد رخ تبدیل کرنے کی کوشش کی تو انکے سامنے وفاقی وزیر داخلہ ہی آگئے ۔

(جاری ہے)

سانحہ پشاور کے بعدمعرض وجود میں آنے والا جوڈیشل کمیشن جسکو وزارت داخلہ کے ماتحت کیا گیا تھا مگر بعدازاں پنجاب میں کالعدم تنظیموں کے خلاف بے دریغ کارروائیوں کے وزارتی احکامات نے حکومت کو مزید پریشانیوں میں مبتلا کر دیا اورپی ایم ہاؤس کے ارباب اختیا ر نے فوری ایکشن پلان کو نافذ کرنے کے فیصلے پی ایم ہاؤس ہی منتقل کر دیے ۔راولپنڈی کے سینٹر چوہدری تنویر کو سینٹر کا ٹکٹ بھی معمولی تنازعہ کی وجہ بنا ،،وفاقی وزیر داخلہ کا وفاقی پولیس سمیت ملک بھر میں کردار کو خراج تحسین ملنا بھی حکومت کے حلق سے سوکھے نوالے کی طرح اترنے نہیں پا رہا ہے دوسری جانب ایس پی ارم عباسی کے واقعہ نے جلتی پر تیل کا کام کیا ،ذرائع کے مطابق میٹرو بس منصوبے پر وفاقی وزیر کو اعتماد میں نہیں لیا گیا اور راولپنڈی کی تعمیر و ترقی پر سابق ایم این اے سمیت ایک سینٹر کو ترجیح دینا وفاقی وزیر نے اپنے خلاف ایک انتقام ہی سمجھا۔

وزارت ذرائع کے مطابق نادرا کے چیئرمین کو وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ وہ کسی صور ت میرٹ کے خلاف کام کو پسند نہیں کر یں گے اگر نادرا رپورٹ مسلم لیگ ن کے خلاف جا رہی ہیں جانے دیں مگر وقت پر دی جانی چاہیے تاکہ آنے والے وقت میں ایک قومی ادارے پر جانبداری کا دھبہ نہ لگ جائے ،ذرائع کے مطابق چیئرمین نادرا نے میرٹ پر رپورٹ دیکر ایک بار پھر حکومت کے لیے مشکلات میں اضافہ کر دیا ہے جس کوحل کرنے کے لیے حکومت نے بھی بلدیاتی الیکشن میں وفاقی وزیر کو ناک آوٹ کرنے کا ایک منصوبہ بنالیاہے ،مگر وفاقی وزیر ذرائع کے مطابق چوہدری نثار نے موجودہ مسائل سے نکلنے کیلیے ایک اہم مشاورت کی اور وہ امید سے ہیں کہ اگر وہ میرٹ پر عوام کی خدمت کرتے رہے تو پھر عوام اور بے آواز لاٹھی انکی مدد کو ضرور آئیگی ۔

واضع رہے کہ وفاقی وزیر داخلہ کیساتھ شریف برادران نے ایک پرانا وعدہ کر رکھا تھا کہ وطن واپسی پرانہیں سی ایم پنجاب بنائیں گے چوہدری نثار نے اپنی سیاست کو ہمیشہ امر کرنے کے لیے آزاد ٹکٹ پر ایم پی اے کا الیکشن لڑ کر کامیابی بھی حاصل کی مگر وہ وعدہ آج تک وفا نہ ہو سکا جس کے باعث دوریا ں بڑھتی ہی چلی گئیں۔