پاک ، آئی ایم ایف ساتو اں جائزہ مشن مکمل ،رواں مالی سال میں جی ڈی پی نمو کی شرح 4.1فیصد تک پہنچ گئی ، اگلے سال 4.5فیصد ہونے کی توقع ہے،اسحاق ڈار ، ایف بی آر ٹیکس محصولات ہدف 4.9 کو حاصل کرنے میں ناکام رہا ہے ،2015-16ء میں آپریشن ضرب عضب سیلاب کے متعلق آباد اری اور بے گھر افراد کے لئے خطیر رقم رکھی جائے گی، وفاقی وزیر خزانہ کی پریس کانفرنس

منگل 12 مئی 2015 08:38

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔12 مئی۔2015ء) پاکستان اور عالمی مالیاتی فنڈز( آئی ایم ایف ) کے درمیان ساتویں جائزہ مشن مکمل ہوگیا ، ایف بی آر ٹیکس محصولات ہدف 4.9 کو حاصل کرنے میں ناکام رہا ہے،رواں مالی سال میں جی ڈی پی نمو کی شرح 4.1فیصد تک پہنچ گئی اور اگلے سال 4.5فیصد ہونے کی توقع ہے ۔2015-16ء میں آپریشن ضرب عضب سیلاب کے متعلق آبادکاری اور بے گھر افراد کے لئے خطیر رقم رکھی جائے گی اسلام آباد میں آئی ایم ایف حکام اور وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے ساتواں جائزہ مشن مکمل کرنے کے بعد پریس کانفرنس کی اس موقع پر وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا کہ انرجی سیکٹر ریفارمز پر کام کررہے ہیں اس وقت سرکلر ڈیٹ کا ایشو ہے اور اس کو کنٹرول کرنے کی کوشش کررہے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ اس سال ترسیلات زر میں گزشتہ سال کی نسبت سولہ فیصد اضافہ ہوا ہے فیڈرل بورڈ آف ریونیو سے ایس آر اوز جاری کرنے کا اختیار واپس لے لیا گیا ہے، اور اب یہ ٹیکس لگانے کا اختیار پارلیمنٹ کو منتقل کردیا گیا ہے ماسوائے چند چیزوں کے جن میں نیشنل سکیورٹی ، نیشنل ڈ یزاسٹر فوڈ سکیورٹی ، عالمی اشیاء کی قیمتوں میں عالمی باہمی معاہدوں کا اختیار ایف بی آر اور وزارت خزانہ کے پاس ہی رہے گا ۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ مہنگائی کاگراف نیچے کی طرف آرہا ہے اپریل میں مہنگائی میں 2.1فیصد کمی ہوئی ہے دس ماہ کا مجموعی سی پی آئی انڈیکس 4.8فیصد رہا ہے وفاقی وزیر نے کہا کہ معاشی استحکام تیل کی کم قیمتوں مضبوط ترسیلات زر اور گیس و بجلی کی بہتر فراہمی کی وجہ سے پاکستان کی معیشت بتدریج بہتری کی طرف جارہی ہے رواں مالی سال میں حقیقی جی ڈی پی نمو 4.1 فیصد تک پہنچ جانے اور اگلے سال 4.5فیصد تک ہونے کی توقع ہے ۔

انہوں نے امید کا اظہار کیا کہ جون میں ہونے والی آئی ایم ایف ایگزیکٹو بورڈ میٹنگ میں حکام ساتویں جائزے کی تکمیل پر پاکستان کو 360 ملین ایس ڈی آر تقریباً (506ملین ڈالر ) جاری کرینگے انہوں نے آئی ایم ایف اسٹاف مشن ہیرالڈنگز کا حتمی مذاکرات کے لئے پاکستان پنے پر شکریہ ادا کیا اس موقع پر آئی ایم ایف کے نمائندہ ہیرالڈنگز نے کہا کہ پاکستان کو چار شعبوں میں مزید بہتری کی ضرورت ہے جن میں انرجی ، ٹیکس نظام کو بڑھانے ، سازگار کاروباری مواقع اور نجکاری کے عمل کو مزید تیز کرنے کی ضرورت ہے ان چیزوں پر عمل کرتے ہوئے پاکستان ایک متحرک ابھرتی ہوئی منڈی کی حیثیت کے طورپر ابھر کر سامنے آسکتا ہے ہیرالڈنگز نے ساتویں جائزہ کی تکمیل پر وزیر خزانہ اسحاق ڈار اور دیگر حکام کو مبارکباد دی ہے ۔