وزیراعظم کا سانحہ نلتر میں ہلاک ہونیوالے ناروے اور فلپائن کے سفیروں کو ستارہ پاکستان عطاء کرنے کا اعلان ،سانحہ نلتر پر پوری قوم افسردہ ہے، ہمارے دل غمزدہ خاندانوں کے ساتھ دھڑکتے ہیں،حادثے نے پاکستان کے بہت سے دوست ہم سے چھین لئے،آنجہانی سفیروں کے خدمات کو ہمیشہ کیلئے یاد رکھا جائے گا، و زارت خارجہ میں تعزیتی کانفرنس سے خطاب ،سانحے میں مرنے والوں کے اعزاز میں ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی،سانحہ ہیلی کاپٹر فنی خرابی کے باعث پیش آیا،اس میں کوئی دہشتگردی کا عنصر موجود نہیں،ڈین ڈپلومیٹک کور کا خطاب

منگل 12 مئی 2015 08:29

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔12 مئی۔2015ء)وزیراعظم نوازشریف نے سانحہ نلتر میں ہلاک ہونیوالے ناروے اور فلپائن کے سفارتکاروں کو ستارہ پاکستان عطاء کرنے کا اعلان کردیا ۔پیر کے روز وزارت خارجہ میں سانحہ نلتر واقعہ میں جاں بحق ہونے والے افراد کے اعزاز میں تعزیتی کانفرنس منعقد ہوا۔تعزیتی کانفرنس کے موقع پر سیکرٹری خارجہ اعزاز چوہدری،ڈپلومیٹک کور کے ڈین نے اپنے تعزیتی کلمات پیش کئے،اس موقع پر وزیراعظم نوازشریف نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سانحہ نلتر ہیلی کاپٹر واقعہ سے پوری قوم افسردہ ہے،ہم نے غیر ملکی سفارتکاروں کو تفریحی مواقع فراہم کردئیے جبکہ ہمارے نیک نیتی بدترین حادثے میں تبدیل ہوگئی۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے دل ان غمزدہ خاندانوں کے ساتھ دھڑکتے ہیں،حادثے نے پاکستان کے بہت سے دوست ہم سے چھین لئے۔

(جاری ہے)

نلتر حادثے میں کئی پاکستانی بھی شکار ہوئے۔پاکستانی فوج کے پائلٹوں نے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کرکے بہت سے سفارتکاروں کی جانیں بچائیں۔پاکستانی پائلٹ نے آخری موقع تک ہیلی کاپٹر کو قابو میں لانے کی کوشش کی لیکن ناکام رہا۔

انہوں نے کہا کہ ہم ملائیشیاء اور پولینڈ کے سفراء کی بیگمات کی صحتیابی کیلئے دعا گو ہیں،فلپائن اور ناروے کے سفیروں کی بیواؤں کے ساتھ دلی ہمدردی ہے،آنجہانی سفیروں کے خدمات کو ہمیشہ کیلئے یاد رکھا جائے گا۔تعزیتی ریفرنس کے موقع پر نلتر سانحے میں مرنے والوں کے اعزاز میں ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی۔سیکرٹری خارجہ اعزاز چوہدری نے کہا کہ پاکستان سانحہ نلتر واقعے میں بہت سے دوستوں سے محروم ہوا۔

ان کا کہنا تھا کہ پولینڈ کے سفیر کو ہسپتال سے ڈسچارج کردیاگیا،ملائیشیاکے ہائی کمشنر کو بہترین طبی امداد دی جارہی ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم ان غمزدہ ورثاء کے ساتھ اس غم کی گھڑی میں برابر کے شریک ہیں،اللہ تعالیٰ ورثاء کو غم برداشت کرنے کی ہمت دے۔اس موقع پر ڈپلومیٹک کور کے ڈین نے کہا کہ ہم پاک فوج کی بروقت کارروائیوں پر شکرگزار ہیں،ان کا کہنا تھا کہ سانحہ ہیلی کاپٹر فنی خرابی کے باعث پیش آیا،اس میں کوئی دہشتگردی کا عنصر موجود نہیں ہے

متعلقہ عنوان :