حرمین شریفین کے تحفظ کی ملک گیر تحریک بھرپور انداز میں جاری رکھیں گے، حافظ سعید،اتحادی ممالک نے افغانستان میں شکست پر یمن کو سازشوں کی آماجگاہ بنا لیا ہے،مسلم امہ سرزمین حرمین شریفین کو نقصانات سے دوچار کرنے کی سازشیں کامیاب نہیں ہونے دے گی، سعودی عرب نے حوثی باغیوں کے خلاف بروقت کاروائی کی، دینی مدارس کو جہالت کی یونیورسٹیاں قراردیناشعائر اسلامی کی توہین ہے،حکومت وزیر اطلاعات کوعہدہ سے ہٹائے اور اسلامی شعائر کی توہین کا مقدمہ درج کیا جائے،امیر جماعةالدعوة پاکستان

پیر 11 مئی 2015 07:52

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔11 مئی۔2015ء) امیر جماعةالدعوة پاکستان پروفیسر حافظ محمد سعید نے کہا ہے کہ حرمین شریفین کے تحفظ کی ملک گیر تحریک بھرپور انداز میں جاری رکھیں گے۔ اتحادی ممالک نے افغانستان میں شکست پر یمن کو سازشوں کی آماجگاہ بنا لیا ہے۔مسلم امہ سرزمین حرمین شریفین کو نقصانات سے دوچار کرنے کی سازشیں کامیاب نہیں ہونے دے گی۔

سعودی عرب نے حوثی باغیوں کے خلاف بروقت کاروائی کی۔ دینی مدارس کو جہالت کی یونیورسٹیاں قراردیناشعائر اسلامی کی توہین ہے۔حکومت فی الفورپرویز رشید کو وزارت کے عہدہ سے ہٹائے اور اسلامی شعائر کی توہین کا مقدمہ درج کیا جائے۔ آٹھ لاکھ بھارتی فوج کی موجودگی میں کشمیریوں نے پاکستانی پرچم لہراکر تحریک آزادی کشمیر میں نئی روح پھونک دی ہے۔

(جاری ہے)

حکومت پاکستان حریت پسند قائدین پر بغاوت کے مقدمات پر خاموشی اختیار نہ کرے۔علماء اپنی ذمہ داریوں کا احساس کریں اور منبرومحراب کا فریضہ ادا کرتے ہوئے مسلم امہ کو صلیبیوں ویہودیوں کی سازشوں سے آگاہ کریں۔وہ جماعةالدعوة شعبہ دعوت و اصلاح اور رابطہ والجماعات الدینیہ کے زیر اہتمام مرکز القادسیہ میں علماء کنونشن سے خطاب کر رہے تھے۔

اس موقع پر ملک بھر سے علماء کرام اور دعوت واصلاح کے زونل، ضلعی و تحصیلی ذمہ داران موجود تھے۔ علماء کنونشن سے جماعةالدعوة سیاسی امور کے سربراہ پروفیسر حافظ عبدالرحمن مکی، مرکزی جمعیت اہلحدیث کے مرکزی رہنما مولانا محمد شریف چنگوانی، مفتی مبشر احمد ربانی، مولانا سیف اللہ خالد،مولانا محمد شمشاد سلفی، قاری یعقوب شیخ، مولانا منظور احمد، مولانا احسان الحق شہباز، مولانا نصر جاوید، حافظ عبدالغفار، مولانا عثمان شفیق، انجینئر محمد حارث، حافظ ندیم شمس و دیگر نے خطاب کیا۔

جماعةالدعوة کے سربراہ حافظ محمد سعید نے اپنے خطاب میں کہاکہ جماعةالدعوة فرقہ واریت سے بالاتر امت مسلمہ کو متحد کرنے والے تحریک ہے۔تحفظ حرمین شریفین کے مسئلہ پربھی سب جماعتوں کو ساتھ لیکر ملک بھر میں پروگراموں کا سلسلہ جاری رکھنا اور ملک کے ہر فرد تک دین کی دعوت پہنچانی ہے۔ مسلمانوں کی قربانیوں کے نتیجہ میں حالات بہت تیزی سے تبدیل ہو رہے ہیں۔

یمن کو منظم منصوبہ بندی کے تحت سازشوں کا مرکز بنایا گیا ہے۔ صلیبی و یہودی مسلمانوں کے روحانی مرکز سعودی عرب کا گھیر ا تنگ کرنے کی کوششیں کر رہے ہیں لیکن ان کے یہ مذموم عزائم کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔ انہوں نے کہاکہ حرمین شریفین کا تحفظ ہر مسلمان پر فرض ہے۔ ہمیں اس مسئلہ پر خاموش نہیں رہنا۔ آج جماعةالدعوة ‘اسلام دشمن قوتوں کی آنکھوں میں اس لئے سب سے زیادہ کھٹکتی ہے کہ ہم مسلم امہ کو قدموں پر کھڑا کرنے کیلئے اتحادویکجہتی کا ماحول پیدا اور حرمین کے دفاع کی بات کر رہے ہیں۔

ہمیں مسلمانوں کو صحیح راستہ دکھا کر اصل منزل کی طرف گامزن کرنا ہے۔ انہوں نے کہاکہ نجران پر حوثیوں کے حملوں سے ثابت ہو گیا کہ ان کا اصل نشانہ سعودی عرب ہے۔ خادم الحرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے یمن میں باغیوں کے خلاف کاروائی کا فیصلہ کر کے بہت احسن قدم اٹھایا ہے۔ اس سے پہلے دنیا کو معلوم نہیں تھا کہ یمن میں دشمنان اسلام کیا سازشیں کر رہے ہیں اور باغیوں کے پیچھے اصل قوتیں کونسی ہیں؟ لیکن اب سب کچھ کھل کر دنیا کے سامنے بے نقاب ہو رہا ہے۔

ضرورت اس امر کی ہے کہ مسلم ممالک متحد ہو کر سرزمین حرمین شریفین کے خلاف سازشوں کو ناکام بنانے کیلئے کردار ادا کریں۔ انہوں نے کہاکہ دینی مدارس اسلام کے قلعے ہیں‘ ان کے خلاف بیان بازی ناقابل برداشت ہے۔ جماعةالدعوة سیاسی امور کے سربراہ پروفیسر حافظ عبدالرحمن مکی نے کہاکہ سرزمین حرمین شریفین کے خلاف سازشوں سے امت کو آگاہ کرنے کیلئے علماء اپنی ذمہ داریاں ادا کریں۔

حوثی باغیوں کے خلاف کاروائی سعودی عرب کا درست اقدام ہے۔ عرب ممالک اکٹھے ہو چکے پاکستان کو بھی ان کا کھل کر ساتھ دینا چاہیے۔ مرکزی جمعیت اہلحدیث کے مرکزی رہنما مولانا محمد شریف چنگوانی نے کہاکہ قرآن و سنت کی دعوت لوگوں کو تک پہنچانا ہر فرد کی ذمہ داری ہے۔ علماء انبیاء کے وارث ہیں‘ آج کے حالات میں ان کی بہت بڑی ذمہ داری ہے کہ وہ مسلم امہ کی صحیح معنوں میں رہنمائی کافریضہ سرانجام دیں۔

جماعةالدعوة شعبہ دعوت و اصلاح کے ناظم مولانا سیف اللہ خالد ،جماعةالدعوة کے شعبہ رابطہ والجماعات الدینیہ کے نگران قاری محمد یعقوب شیخ ،مفتی مبشر احمد ربانی، مولانا محمد شمشاد سلفی،مولانا منظور احمد ، مولانا احسان الحق شہباز و دیگر نے کہاکہ گستاخانہ خاکوں کا مسئلہ ہر عالمی فورم پر اٹھایا جائے۔ تحفظ حرمت رسول ﷺ کی طرح، حرمین شریفین، نظریہ پاکستان اور مسئلہ کشمیر کے حوالہ سے بھی پورے ملک میں تحریک جاری رکھنا ہے۔