افتخار چوہدری کے عمران خان کیخلاف دائر 20 ارب ہرجانہ کیس کی سماعت آج ہوگی، مجھے مقدمے کی پیروی سے روکنے سے اندازہ لگالیں مخالف فریق کتنے بوکھلائے ہیں، بابر اعوان

ہفتہ 9 مئی 2015 07:53

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔9 مئی۔2015ء) سابق چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری کی جانب سے تحریک انصاف کے رہنما عمران خان کیخلاف دائر 20 ارب روپے ہرجانہ کیس کی سماعت آج ہفتہ کو ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج محمد تنویر میر کی عدالت میں ہوگی گزشتہ سماعت جج کی رخصت کے باعث بغیر کسی کارروائی کے ملتوی ہوگئی تھی ۔

(جاری ہے)

خبر رساں ادارے سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے عمران خان کے وکیل بابر اعوان نے کہا کہ وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق کی نااہلی کے باعث عمران خان کے موقف کو تقویت ملی ہے مجھے مقدمے کی پیروی سے روکنے سے اندازہ لگالیں مخالف فریق کتنے بوکھلائے ہوئے ہیں یارکر گیندوں کا مقابلہ کرنا ان کے بس میں نہیں ہے جبکہ دوسری طرف سابق چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری کے وکیل احسن الدین شیخ کا کہنا تھا کہ بابر اعوان جتنی مرضی بلند و بانگ دعوے کرتے رہیں ان کے پاس اپنے لگائے گئے الزامات کے ثبوت نہیں ہیں مختلف حیلے بہانوں کے ذریعے عدالتوں میں پیش نہیں ہوتے ہماری کوئی ذاتی جنگ نہیں ہے ہم قانون کے رکھوالے ہیں اور قانون اور آئین کی بات کرینگے ۔