بدعنوانی کے خلاف جدوجہد ہماری اولین ترجیح ہے ،چیئرمین نیب ،نیب کراچی نے 874.566ملین روپے برآمد کروا کر قومی خزانے میں جمع کروائے ہیں،قمر زمان چوہدری

جمعہ 8 مئی 2015 06:31

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔8 مئی۔2015ء) قومی احتساب بیورو (نیب) کے چیئرمین قمر زمان چوہدری نے کہا ہے کہ بدعنوانی کے خلاف جدوجہد ہماری اولین ترجیح ہے۔ نیب کرپشن کے خاتمہ کے لئے کسی قسم کی رعایت نہ کرنے کے لئے پرعزم ہے انڈونیشیا کی طرز پر کرپشن کے بڑے کیسز نیب کی اولین ترجیح ہیں۔ نیب کراچی نے 874.566ملین روپے برآمد کروا کر قومی خزانے میں جمع کروائے ہیں۔

نیب کے چیئرمین قمرزمان چوہدری نے نیب کراچی کے دفاتر کا دورہ کیا اور اس کی کارکردگی کا جائرہ لیا۔ نیب کراچی کے ڈی جی لیفٹیننٹ کرنل (ر) سراج النعیم اور ان کے رفقاء نے چیئرمین نیب کو موجودہ کیسز کے بارے میں بریفنگ دی۔ چیئرمین نے کہا کہ نیب کراچی اہم مقدمات پر کام کر رہی ہے جس سے نیب کی مجموعی کارکردگی پر اثر پڑے گا۔

(جاری ہے)

ڈی جی نیب نے انہیں بتایا کہ نیب کراچی 66شکایتوں پر کام کر رہی تھی جن میں سے 39کو مکمل کر لیا گیا ہے جبکہ 21پر کام جاری ہے۔

انہوں نے چیئرمین نیب کو مزید بتایا کہ نیب کراچی کا ریجنل بیورو 286انکوائریاں کر رہا ہے جن میں 146مکمل کر لی گئی ہیں اور 140پر کام جاری ہے۔ تفتیشی شعبہ کے بارے میں 140کیسز کی تفتیش کی گئی جن میں 19مکمل کر لی گئیں اور 121پر کام کیا جا رہا ہے۔ چیئرمین نیب کو مزید بتایا گیا کہ نیب کراچی نے 874.566ملین روپے برآمد کروا کر قومی خزانے میں جمع کروائے ہیں جبکہ نیب کراچی نے جنوری تا اپریل 2015ء کے دوران 16ریفرنسز دائر کئے ہیں۔

چیئرمین نیب قمرزمان چوہدری نے کہا کہ نیب کرپشن کے خاتمہ کیلئے پرعزم ہے اور کرپشن کے بڑے کیسز ہمارے اولین ترجیحات میں شامل ہیں۔ انہوں نے ہر تفتیشی افسر کو ہدایت کی کہ وہ کیس کی ڈائری تیار کریں جو ہفتہ میں دوبار ڈیسک آفیسر اورایک مرتبہ متعلقہ شعبہ کا ڈائریکٹر چیک کرے گا۔ انہوں نے ثبوتوں کے حصول پر خصوصی توجہ کی بھی ہدایت کی۔ چیئرمین نیب نے کہا کہ نیب کے اہلکاروں کی تربیت پر خصوصی توجہ دی جائے گی تاکہ ان کی مہارتوں میں اضافہ ہو سکے۔

انہوں نے نیب کراچی کی کارکردگی کو سراہا۔ انہوں نے تیس جون تک تمام کیسز کو نمٹانے کی بھی ہدایت کی۔ انہوں نے صحت، تعلیم اور ایکسائز ٹیکسیشن کے شعبوں میں کام کو سراہا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ تمام مفرور ملزمان سمیت دیگر ملوث افراد کو گرفتار کر کے باقاعدہ تحقیقات کے بعد عدالت میں پیش کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ نیب کرپشن کے خاتمے کیلئے کسی قسم کی رعایت نہ کرنے پر یقین رکھتی ہے تا کہ اپنی پیشہ وارانہ ذمہ داریوں کو احسن طریقے سے سرانجام دیا جا سکے۔

متعلقہ عنوان :