امریکا نے افغانستان میں چھوڑا جانیوالا اسلحہ پاکستان کے حوالے کر دیا،اسلحہ میں سے 14 جنگی طیارے، 59 فوجی تربیتی جیٹ اور 374 بکتر بند گاڑیاں شامل

جمعہ 8 مئی 2015 06:25

واشنگٹن(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔8 مئی۔2015ء) امریکا نے خطے میں پیچھے چھوڑے جانے والے اسلحہ میں سے 14 جنگی طیارے، 59 فوجی تربیتی جیٹ اور 374 بکتر بند گاڑیاں پاکستان کے حوالے کر دیں۔ امریکی کانگریس کیلئے داخلی رپورٹس تیار کرنے والی ایجنسی ’کانگریسنل ریسرچ سروس‘ نے بتایا کہ پاکستان کو فراہم کیا جانا والا اسلحہ ماضی میں عراق اور افغانستان میں زیر استعمال رہا تھا۔

افغانستان سے فوجی انخلا جاری رکھنے والے امریکا نے پیچھے رہ جانے والا اسلحہ پاکستان اور افغانستان سمیت علاقائی اتحادیوں کو دینے کی پیشکش کی ہے۔ تکنیکی لحاظ سے یہ اسلحہ ’دفاعی ضرورت سے زیادہ‘کہلایا جاتا ہے، جسے امریکا واپس وطن بھیجنے کے بجائے اتحادی ملکوں کو دے دیتا ہے۔ پاکستان کو 629 ملین ڈالرز میں ملنے والے اسلحہ میں ایف سولہ کیلئے فضا سے فضا میں مار کرنے والے 500 AMRAAMمیزائل، دو ہزار پاوٴنڈ وزنی 1450 بم،گریوٹی بموں کیلئے 500 JDAM Tail Kits وغیرہ شامل ہیں۔

(جاری ہے)

پاکستان نے ایک سو ہارپون اینٹی شپ میزائلوں کیلئے اضافی 298 ملین ڈالرز بھی ادا کیے۔ اس کے علاوہ پاکستان کو پینٹاگون کے’اتحادی سپورٹ فنڈز‘کی مد میں 235 ملین ڈالرز مالیت کے 26 بیل 412 ای پی یوٹیلیٹی ہیلی کاپٹرز اور ان کے پرزے اور مینٹیننس ملی ہے۔ پاکستان کو اپنے قومی فنڈز اور امریکا کی خارجہ عسکری فنڈز کی مد میں بھی فوجی سازو سامان مل رہا ہے۔

متعلقہ عنوان :