ایان علی سے میرا یا میرے بھائی کا تعلق ثابت ہوجائے تو استعفیٰ دے دوں گا ، رحمان ملک، ذوالفقارمرزا کا پیپلز پارٹی سے کوئی تعلق نہیں ان کو پارٹی معاملات سے نہ جوڑا جائے، حکومت داعش کیخلاف جلد ایکشن لے کالعدم تنظیم پاکستان کے لئے بڑا خطرہ ثابت ہوسکتی ہے،میڈیا سے گفتگو

جمعرات 7 مئی 2015 08:48

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔6 مئی۔2015ء) پیپلز پارٹی کے سینیٹر رحمان ملک نے کہا ہے کہ اگر ایان علی سے میرا یا میرے بھائی کا تعلق ثابت ہوجائے تو استعفیٰ دے دوں گا ۔ ذوالفقارمرزا کا پیپلز پارٹی سے اب کوئی تعلق نہیں ان کو پارٹی معاملات سے نہ جوڑا جائے اور حکومت کو چاہیے کہ داعش کیخلاف جلد ایکشن لے کالعدم تنظیم پاکستان کے لئے بڑا خطرہ ثابت ہوسکتی ہے ۔

(جاری ہے)

پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما سینیٹر رحمان ملک نے پشاور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایان علی کیس کو میرے یا میری فیملی کے ساتھ جوڑنا افسوسناک ہے ان سے میرا یا میری فیملی کا کوئی تعلق نہیں رہا ہے اور اگر ان کے ساتھ میرا یا میرے بھائی کا تعلق ثابت ہوجاتا ہے تو میں سینٹ سے فوراً استعفی دے دوں گا انہوں نے مزید کہا کہ ذوالفقار مرزا کا پیپلز پارٹی سے کوئی تعلق نہیں ہے اور اگران کا تعلق پیپلز پارٹی سے ہوتا تو ان سے مذاکرات کے لئے ضرور جاتا جبکہ ان کی باتوں کو پیپلز پارٹی سے جوڑنا درست نہیں ہے انہوں نے کہا کہ حکومت کو چاہیے کہ وہ داعش کیخلاف جلد ایکشن لے داعش مستقبل میں پاکستان کے لئے بڑا خطرہ ثابت ہوسکتی ہے حکومت کو اس معاملے پر جلد توجہ دینی ہوگی ماضی میں القاعدہ کو ڈھیل دی کہ بڑی غلطی کی ہے جس کا خمیازہ پاکستانی قوم آج تک بھگت رہی ہے ۔