اسٹینڈرڈ اینڈ پورز نے بھی پاکستانی معیشت کو مستحکم سے مثبت قراردیدیا،پاکستان کی مجموعی ملکی پیداوار گزشتہ مالی سال میں 4.1 فیصد رہی

جمعرات 7 مئی 2015 08:48

نیو یارک(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔6 مئی۔2015ء) دنیا بھر کے ممالک کی معاشی صورتحال جانچنے کے عالمی ادارے ”اسٹینڈرڈ اینڈ پورز“ نے پاکستان کی معیشت کو مستحکم سے مثبت قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ آئندہ 2 سال میں پاکستان اپنا بلند ترین شرح نمو ریٹ حاصل کر لے گا۔اسٹینڈرڈ اینڈ پورز کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان نے معاشی اور مالی استحکام کے لیے غیر معمولی معاشی اصلاحات کی ہیں جس کی بدولت اس کی لانگ ٹرم ریٹنگ مستحکم سے مثبت ہوئی ہے، ادارے نے پاکستان کی شرح نمو کا ازسر نوجائزہ لینے کے بعد کہا ہے کہ پاکستان کی شرح نمو 2017 تک 3.8 فیصد سے بڑھ کر 4.6 تک پہنچ جائے گی جس کی بڑی وجہ ملک میں مضبوط کیپٹل ان فلو، ترسیل زر اور تیل کی قیمتوں میں کمی ہے جس سے کاروباری حضرات میں اعتماد پیدا ہوا اور سرمایہ کاری میں بھی اضافہ ہوا ہے۔

(جاری ہے)

ادارے کے مطابق پاکستان کی مجموعی ملکی پیداوار ( جی ڈی پی) گزشتہ مالی سال میں 4.1 فیصد رہی جب کہ بیرونی زرمبادلہ کے ذخائر12.36 ارب ڈالر تک پہنچ گئے ہیں جو گزشتہ سال 3.2 ارب ڈالر تھے۔واضح رہے کہ آئی ایم ایف نے بھی پاکستان کی معاشی اصلاحات پر بھرپور اطمنیان کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان نے توانائی اور ٹیکس کے شعبے میں قابل تعریف اصلاحات کیں جب کہ گزشتہ دنوں برطانوی جریدے کی جانب سے بھی پاکستان کی معاشی صورتحال کو حوصلہ افزا قرار دیا گیا۔

متعلقہ عنوان :