این اے 122 کی فرانزک مکمل ،اگلے ہفتے الیکشن ٹریبونل میں پیش کی جائے گی ، عمران خان ، نوازشریف ، ایاز صادق ، سعد رفیق سمیت میری کسی سے ذاتی لڑائی نہیں، ملک کے مستقبل کا سوال ہے ، جمہوریت کو مستحکم اور ملک میں خوشحالی لانی ہے ، این اے 122 کی پری سکین رپورٹ میں 24 پولنگ سٹیشنز پر الیکٹرول رول نہیں ملے ، 30 میں ایک طرح کی سیریل نمبر کی کتاب استعمال ، 50 میں سیریز نمبر کے بیلٹ ہی بکس میں موجود نہیں ،ن لیگ نے جلد بازی کی جس سے دھاندلی پکڑی گئی ، میڈیا سے گفتگو، عمران خان کی چیئرمین نادرا سے ملاقات، این اے 122فرانزک رپورٹ میں تاخیر پر تبادلہ خیال کیا

جمعرات 7 مئی 2015 08:40

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔6 مئی۔2015ء) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ نادرا نے این اے 122 کی فرانزک رپورٹ مکمل کرلی ہے جو اگلے ہفتے الیکشن ٹریبونل میں پیش کردی جائے گی ، میری ایاز صادق ، سعد رفیق سمیت نواز شریف سے کوئی ذاتی لڑائی نہیں بلکہ ملک کے مستقبل کا سوال ہے ، جمہوریت کو مستحکم کرنے اور ملک میں خوشحالی لانا ہے ، نادرا کی این اے 122 کی پری سکین رپورٹ میں چوبیس پولنگ سٹیشنوں پر الیکٹرولر رول نہیں ملے ، تیس پولنگ سٹیشنوں میں ایک طرح کی سیریل نمبر کی کتاب استعمال کی گئی ، پچاس پولنگ سٹیشنوں میں جن سیریز نمبر کی کتابیں استعمال ہوئیں ان سیریز نمبرز کے بیلٹ ہی بکس میں موجود نہیں ہیں۔

انہوں نے ان خیالات کا اظہار بدھ کے روز نادرا ہیڈکوارٹرز کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔

(جاری ہے)

ا س سے قبل عمران خان نے چیئرمین نادرا عثمان مبین سے ملاقات کی جس میں این اے 122فرانزک رپورٹ کی تاخیر کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا ۔ اس موقع پر عثمان مبین نے عمران خان سے کہا کہ نادرا کے ملازمین کی ہڑتال کی وجہ سے این اے 122کی فرانزک رپورٹ میں تاخیر ہوگئی اگلے ہفتے این اے 122کی فرانزک رپورٹ عدالت میں پیش کردی جائے گی جس کے بعد عمران خان نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ چیئرمین نادرا عثمان مبین نے یقین دہانی کرائی ہے کہ نادرا نے این اے 122کی فرانزک رپورٹ مکمل کرلی ہے اور اگلے ہفتے عدالت میں پیش کردی جائے گی جبکہ عمران خان نے میڈیا کے نمائندوں کو این اے 122کی نادرا پری سکین رپورٹ دکھاتے ہوئے کہا کہ رپورٹ میں تین دھاندلیاں نظر آئیں ہیں جس میں پہلی دھاندلی یہ ہے کہ چوبیس پولنگ سٹیشنوں میں الیکٹرولر رول نہیں ملے تاکہ انگوٹھوں کی تصدیق ہو جبکہ تیس پولنگ سٹیشنوں میں ایک جیسے سیریل نمبر کی کتاب استعمال کی گئی اور پچاس پولنگ سٹیشنوں میں جس سیریل نمبر کی کتابیں دی گئیں اس سیریل نمبر کے بیلٹ ہی بکس میں موجود نہیں تھے اور نواز لیگ نے یہ تمام دھاندلی جلدی میں کی جس کی وجہ سے پکڑے گئے ہیں عمران خان نے کہا ہے کہ میری ایاز صادق ، سعد رفیق اور نواز شریف سے کوئی ذاتی لڑائی نہیں ہے بلکہ یہ ملک کے مستقبل کی جنگ ہے کیونکہ ہم نے جمہوریت کو مضبوط کرنا ہے اور ملک میں خوشحالی لانی ہے ۔

عمران خان نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ خواجہ سعد رفیق کے حلقے میں ریٹرننگ افسران نے جس طرح رزلٹ تبدیل کئے ہم ان پر کریمنل پروسیڈنگ کا کیس کرینگے ۔ عمران خان نے کہا کہ اب اگلے الیکشن میں حکومت جو بھی حکمت عملی بنالئے لیکن تحریک انصاف کے چار حلقے کھولنے کا مطالبہ قوم کے سامنے آگیا ہے کہ ہمارا 126دن کا دھرنا بالکل ٹھیک تھا نواز شریف اپنے امپائرز کے بغیر کرکٹ نہیں کھیل سکتا اور وہ اپنی گیم کو تبدیل کردیتا ہے لیکن میں امپائر کو ملا کر گیم کھیلنے والا نہیں ۔