ٹیکساس حملے میں ملوث دو حملہ آوروں میں سے ایک پاکستانی نژاد ہے،امریکی میڈیا کا دعوی ، توہین آمیز خاکوں کی نمائش کے باہر فائرنگ پاکستانی اور اس کے دوست نے کی، امریکی پولیس

بدھ 6 مئی 2015 09:04

ٹیکساس (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔6 مئی۔2015ء) امریکی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ امریکی ریاست ٹیکساس میں گستاخانہ خاکوں کے مقابلے کیلئے منعقد کی گئی نمائش پر دو حملہ آور وں میں سے ایک پاکستانی نژاد ہے ۔ رپورٹ کے مطابق دو حملہ آور میں ایک کا نام نادر صوفی ہے ‘ اس کے والد پاکستانی تھے اور والدہ امریکی ہے۔امریکی میڈیا رپورٹ میں کہا گیا کہ نادر صوفی 1990 ء کے عشرے میں چند سال کیلئے اسلام آباد آئے تھے تعلیم بھی اسلام آباد میں حاصل کی۔

واضح رہے ٹیکساس میں گستاخانہ خاکوں کے مقابلے کیلئے منعقد کی گئی نمائش کے موقع پر پولیس مقابلے میں دو حملہ آور مارے گئے تھے حملے میں نادر صوفی او ران کے ساتھی مارے گئے تھے۔ امریکی ریاست ٹیکساس کی پولیس نے دعویٰ کیا ہے گزشتہ روز توہین آمیز خاکوں کی نمائش کے باہر فائرنگ کرنے والا ایک شخص پاکستانی تھا۔

(جاری ہے)

امریکی نشریاتی ادارے کے مطابق ریاست ٹیکساس کے شہر گارلینڈ کے کرٹس کلویل سینٹر میں توہین آمیز خاکوں کی نمائش کے باہر فائرنگ کرنے والوں کی شناخت نادر صوفی اور ایلٹن سمپسن کے نام سے ظاہر کی گئی ہے، نادر صوفی پاکستانی نڑاد شہری ہے جو ایلٹن سمپسن کے ہمراہ ریاست ایری زونا میں رہتا تھا۔

حکام کی جانب سے جاری کئے گئے عدالتی دستاویزات سے معلوم ہوا ہے کہ ایلٹن سمپسن سے 2006 میں بھی تفتیش ہوئی تھی اور 2010 میں ان پر صومالیہ جانے کے منصوبے پر غلط بیانی کرنے کا جرم ثابت ہوا تھا۔ جس پر انہیں 600 ڈالر جرمانہ بھی ہوا تھا۔دوسری جانب داعش نے اپنے ریڈیو ’البیان‘ میں واقعے کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے کہا کہ داعش کے 2 سپاہیوں نے اس نمائش پر حملہ کیا کیونکہ وہاں اسلام کی منفی شبیہہ پیش کر رہے تھے۔واضح رہے کہ گزشتہ روز گستاخانہ خاکوں کی نمائش کے باہر فائرنگ کے نتیجے میں ایک پولیس اہلکار زخمی جب کہ جوابی کارروائی میں 2 حملہ آور ہلاک ہوگئے تھے۔

متعلقہ عنوان :