کراچی ،رینجرز کا آپریشن اگلے مرحلے میں لے جانے کا اہم فیصلہ ، تمام ونگز کو ہدایات جاری ،جرائم پیشہ افراد کی سرپرستی کرنے والے سیاستدانوں، وزراء، مشیروں، سرکاری افسران، بزنس مین اور بلڈرز کیخلاف آپریشن کی تیاری،آپریشن کیلئے اہم دستاویزات کی فائلیں،فلمیں،ٹھوس شواہد جمع کرلئے گئے

بدھ 6 مئی 2015 08:57

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔6 مئی۔2015ء)رینجرز نے کراچی آپریشن کو اگلے مرحلے میں لے جانے کا اہم فیصلہ کرتے ہوئے تمام ونگز کو ہدایات جاری کر دی ہیں، جرائم پیشہ افراد کے خلاف آپریشن کے بعد جرائم پیشہ افراد کی سرپرستی کرنے والے سیاستدانوں ،وزراء،مشیروں،سرکاری افسران، بزنس مین اور بلڈرز کے خلاف آپریشن کی تیاری،آپریشن کے لئے اہم دستاویزات کی فائلیں،فلمیں،ٹھوس شواہد جمع کرلئے گئے ہیں۔

ذرائع کے مطابق رینجرز نے کراچی میں جرائم پیشہ افراد اور ملک دشمنوں کیخلاف جاری آپریشن کو اگلے مرحلے میں لے جانے کا اہم فیصلہ کر لیا ہے۔ اس حوالے سے رینجرز کے تمام ونگز کو ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔ رینجرز ذرائع کے مطابق کراچی میں دہشت گردوں اور ٹارگٹ کلرز کے خلاف سخت ایکشن کی تیاریاں شروع کر دی گئی ہیں۔

(جاری ہے)

کراچی آپریشن کے اگلے مرحلے میں دہشت گردوں کے سہولت کاروں کو بھی دہشت گرد تصور کیا جائے گا جبکہ سرکاری اداروں میں موجود مافیا گروہوں کے خلاف ایکشن ہوگا۔

کراچی آپریشن کے دوران گرفتار ہونے والے جرائم پیشہ افراد نے دوران تفتیش سرپرستی کرنے والے سیاستدانوں،وزراء،مشیروں اور بیوروکریٹس کے بارے میں اہم انکشافات کئے ہیں۔قانون نافذ کرنے والے اداروں نے ان افراد کے خلاف گھیرا تنگ کیا اور لوٹی ہوئی رقم بیرون ملک منتقل نہ ہو اس سلسلے میں اہم اقدامات کئے گئے۔گزشتہ ہفتے سمندری راستے سے اربوں روپے کی بیرونی ملک منتقلی کی کوشش بھی ناکام بنائی گئی ،گھیرا تنگ ہونے پر بعض کرپٹ افسران نے لوٹی ہوئی رقم زمین میں دفن بھی کردی ہے۔

ذرائع نے بتایا کہ جن افراد کے خلاف کاروائی ہوگی ان کے خلاف ٹھوس شواہد جمع کئے گئے ہیں10مئی کے بعد آپریشن کی تیاریوں سے قبل قانون نافذ کرنے والے اداروں نے لوٹی ہوئی رقم کاروبار میں استعمال کرکے اور پراپرٹی کی خریداری کرنے والے ان افراد کے فرنٹ مین سے تفتیش کی ہے۔دوران تفتیش اہم شواہد جمع کئے گئے ہیں کراچی کے علاوہ اندرون سندھ سے بھی گرفتاریاں کی گئی ہیں ۔ڈیفنس ،کلفٹن اور ااندرون سندھ پراپرٹی کی تفصیلات بھی جمع کی گئی ہیں۔ چند روز قبل حراست میں لئے جانے والے ایک صوبائی وزیر کے پرائیویٹ سیکریٹری نے بھی اہم انکشافات کئے تھے ۔رینجرز ذرائع نے بتایا کہ فی الحال کسی صوبائی وزیر یا مشیر یا سیاستدان کے خلاف کاروائی کا حکم نہیں ملا ہے۔

متعلقہ عنوان :