سعودی حکومت 6 مئی سے دوبارہ پاکستانی زائرین کے لئے عمرہ ویزے کا اجراء شروع کرے گی

پیر 4 مئی 2015 06:44

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔4 مئی۔2015ء) سعودی حکومت ایک ماہ کی بندش کے بعد 6 مئی سے دوبارہ پاکستانی زائرین کے لئے عمرہ ویزے کا اجراء شروع کرے گی۔ خبر رساں ادارے کو ذرائع نے بتایا کہ اس سلسلہ میں اہم کردار امام کعبہ الشیخ خالد الغامدی نے ادا کیا ہے۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق سعودی حکومت نے حالیہ حالات کے پیش نظر گزشتہ تقریباً ایک ماہ سے پاکستانی عمرہ زائرین کے لئے ویزا کی پابندی عائد کر رکھی تھی جبکہ اس سلسلہ میں پاکستان کے لاکھوں افراد نے جو عمرہ کی سعادت حاصل کرنا چاہتے تھے سعودی عرب کی پاکستان میں موجود 30 کے لگ بھگ کمپنیاں عمرہ زائرین کو سعودی عرب پہنچانے کے لئے ہوائی جہاز کے ٹکٹ اور ویزوں کے حصول کے لئے کام کر رہی ہے کمپنی نے گزشتہ ایک ماہ کے دوران پاکستان بھر سے ایک لاکھ سے زائد افراد سے کروڑوں روپے حاصل کرنے کے ساتھ ساتھ ان کے پاسپورٹ اور دیگر ضروری کاغذات ہاصل کر رکھے تھے مگر سعودی سفارتخانے نے سعودی حکومت کی ہدایت پر عارضی طور پر عمرہ ویزوں کی پابندی عائد کر رکھی تھی جس کی وجہ سے لاکھوں زائرین پریشانی میں مبتلا تھے اب وزارت مذہبی امور اور دیگر جید علمائے کرام نے امام کعبہ الشیخ خالد الغامدی کے دورہ پاکستان کے موقع پر عمرہ ویزا جاری کرنے کا مطالبہ کیا چنانچہ امام کعبہ نے اس سلسلہ میں سعودی عرب کے ساتھ ساتھ پاکستان میں متعین سعودی سفارتکاروں سے بھی بات چیت کی چنانچہ امام کعبہ کی مداخلت سے سعودی حکومت نے اپنے سفارتخانے کو ہدایت کر دی ہے کہ جن زائرین نے عمرہ کا ویزا حاصل کرنے کے لئے درخواستیں دے رکھی ہیں انہیں ویزے جاری کر دیئے جائیں چنانچہ سعودی سفارتخانہ 6 مئی کو ویزوں کا اجراء شروع کر دے گا۔