شہبازشریف کا بغیر پروٹوکول 7گھنٹے طویل دورہ ،عام کوسٹر میں سفر کیا ،وزیراعلیٰ علی الصبح اچانک راولپنڈی پہنچے ،دورے کے دوران ٹریفک رواں دواں رہی ، تعمیراتی کام میں مصروف مزدوروں سے مصافحہ کیا اور ان کی کارکردگی کی تعریف کی

پیر 4 مئی 2015 06:43

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔4 مئی۔2015ء) وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف آج علی الصبح راولپنڈی اسلام آباد میٹرو بس پراجیکٹ کے معائنے کے لئے بغیر پروٹوکول اچانک صدر راولپنڈی پہنچے اور 7گھنٹے طویل دورہ کیا اور بریفنگ اجلاس کی صدارت کی-وزیراعلیٰ نے میٹرو بس اور بعض مقامات پر عام کوسٹر میں سفر کیا اور منصوبے کے روٹ کا معائنہ اور تعمیراتی کاموں کا جائزہ لیا-وزیر اعلی کے ہمراہ اراکین قومی و صوبائی ا سمبلی اور انتظامی افسران نے بھی کوسٹر میں سفر کیا ۔

وزیراعلیٰ نے کہاکہ گاڑیوں کے لمبے قافلوں کے ذریعے پروٹوکول کا دور گزر چکاہے، اب میری طرح وزیر ، وزراء اور بیوروکریسی کو بھی عوام کی خدمت حقیقی معنوں میں عوام کا خادم بن کر کر نی ہے- وزیر اعلی نے اسلام آباد میں کوسٹر میں سوار ہو کر پاک سیکرٹریٹ میٹرو بس سٹیشن اور ٹنل ٹریک کا بھی معائنہ کیا ۔

(جاری ہے)

وزیر اعلی نے واضح ہدایات دیں کہ ان کے دورے کے دوران کسی بھی مقام پر ٹریفک کونہ روکا جائے اور وزیراعلیٰ کے دورے کے دوران تمام سڑکوں پر ٹریفک معمول کے مطابق رواں دواں رہی- وزیراعلیٰ کو دیکھ کر جڑواں شہروں کے لوگوں نے خوشی کااظہار کیا اور ہاتھ ہلا کر وزیراعلیٰ کو خوش آمدید کہا-وزیر اعلی نے فیض آباد میٹرو بس سٹیشن اور دیگر مقامات کے معائنے کے موقع پر تعمیراتی کام میں مصروف مزدوروں اور محنت کشوں سے مصافحہ کیا اور ان کی کارکردگی کی تعریف کی-