سلامتی کونسل کی پابندیوں کی زد میں آئے افراد کو حراست میں رکھنا لازمی نہیں، دفترخارجہ

پیر 4 مئی 2015 06:43

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔4 مئی۔2015ء) ترجمان دفتر خارجہ تسنیم اسلم نے کہا ہے کہ القاعدہ پر پابندیاں لگانے سے سلامتی کونسل کی کمیٹی کی پابندیوں کی زد میں آئے افراد کو حراست میں رکھنا لازمی نہیں۔

(جاری ہے)

میڈیا رپورٹس کے مطابق جاری بیان میں بھارت کی جانب سے ذکی الرحمان لکھوی کے معاملے پر سلامتی کونسل سے درخواست پر دفتر خارجہ کی ترجمان تسنیم اسلم نے کہا کہ دنیا کی تمام حکومتوں کو القاعدہ پرپابندیاں لگانے سے متعلق قائم سلامتی کونسل کی کمیٹی سے رجوع کرنے کا مکمل حق ہے، کمیٹی القاعدہ سے منسلک دہشت گردوں کے اثاثہ جات کو منجمد، ان کے لئے اسلحے کی ترسیل اور دہشت گردوں کے سفر پر پابندی لگاسکتی ہے لیکن یہ لازمی نہیں کہ کمیٹی کی پابندیوں کی زد میں آئے افراد کوحراست میں بھی رکھا جائے۔

واضح رہے کہ بھارت نے پاکستان میں ذکی الرحمان لکھوی کی رہائی کے معاملے پر سلامتی کونسل سے دخل اندازی کی درخواست کی ہے۔