احسن اقبال وزیر اعظم کی ہدایت پر بھارتی فوج کی فائرنگ سے شہید ہونے والے امانت علی کے گھر پہنچ گئے،شہید نوجوان کے لواحقین کو 10 لاکھ روپے کا امدادی چیک دیا ، بھارت طاقت کے زور پر کشمیریوں کی تحریک آزادی کو دبا نہیں سکتا، وفاقی وزیر

پیر 4 مئی 2015 06:42

شکرگڑھ (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔4 مئی۔2015ء) وفاقی وزیر ترقی و منصوبہ بندی احسن اقبال وزیر اعظم نواز شریف کی ہدایت پر بھارتی فوج کی فائرنگ سے شہید ہونے والے امانت علی کے گھر پہنچ گئے ۔ لواحقین سے اظہار تعزیت کی اور شہید نوجوان کے لواحقین کو 10 لاکھ روپے کا امدادی چیک بھی دیا ۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق اتوار کے روز وفاقی وزیر ترقی و منصوبہ بندی احسن اقبال نے وزیر اعظم نواز شریف کی ہدایت پر شکرگڑھ باؤنڈری لائن کا دورہ کیا ہے اور گزشتہ روز بھارتی فوج کی فائرنگ سے شہید ہونے والے امانت علی کے لواحقین سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے لواحقین کو حکومت کی طرف سے 10 لاکھ روپے کا چیک بھی دیا اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے احسن اقبال کا کہنا تھا کہ بھارت مسلسل سرحدی حدود کی خلاف ورزی کر رہا ہے جو قابل مذمت ہے ۔

(جاری ہے)

ہم بھارت کے ساتھ برابری کی بنیاد پر تعلقات چاہتے ہیں لیکن بھارت بار بار سرحدی حدود کی خلاف ورزی کر کے پرامن مذاکرات کی راہ میں رکاوٹ ڈالتا ہے انہوں نے کہا ہے کہ بھارت چاہے کہ کشمیریوں پر کتنے ہی ظلم کیوں نہ کرے بھارت کو آج یا کل یہ تسلیم کرنا پڑے گا کہ کشمیر پاکستان کا حصہ ہے اور کشمیری پاکستان کو ہی اپنی منزل کا سمجھتے ہیں بھارت طاقت کے زور پر کشمیریوں کی آزادی کی تحریک کو دبا نہیں سکتا کشمیر یوں کی قربانیاں ایک دن ضرور رنگ لائیں گی ۔