جنوبی وزیرستان ، دہشت گردوں کا سیکیورٹی چیک پوسٹ پر حملہ ، اہلکار شہید، فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا ، داخلی اور خارجی راستے سیل، شمالی وزیرستان میں سیکورٹی فورسز پربارودی سرنگ کادھماکہ، 4سیکورٹی اہلکار شدیدزخمی

پیر 4 مئی 2015 06:41

جنوبی وزیرستان (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔4 مئی۔2015ء) جنوبی وزیرستان کے علاقے سراروغہ کے مقام پر دہشت گردوں کا سیکیورٹی چیک پوسٹ پر حملہ کیا ہے اندھادھند فائرنگ سے ایک سیکیورٹی اہلکار شہید ہو گیا ۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق اتوار کے روز سر اروغہ کے مقام پر دہشت گردوں نے سیکیورٹی چیک پوسٹ پر حملہ کیا ہے اور اندھادھند فائرنگ کی جس کے نتیجے میں ایک سیکیورٹی اہلکار شہید ہو گیا ہے جبکہ سیکیورٹی اہلکاروں نے بھی زبردست جوابی کارروائی کی ہے تاہم حملہ آور موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے ۔

واقعہ کے بعد سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا اور تمام داخلی اور خارجی راستوں کو سیل کر کے سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے ۔

(جاری ہے)

شمالی وزیرستان میں سیکورٹی فورسز پربارودی سرنگ کادھماکہ 4سیکورٹی اہلکار شدیدزخمی ہوگئے سنگل کیبن گاڑی کو بھی نقصان پہنچا شمالی وزیرستان میں پاک فوج کی طرف سے شدت پسندوں کے خلاف آپریشن ضرب عضب جاری ہے اور پاک فوج شدت پسندوں کے خلاف کاروائی جاری رکھے ہوئے ہیں اس سلسلے میں گذشتہ روز سیکورٹی فورسز گاڑیوں میں علاقے کاسرچ کررہی تھی کہ شمالی وزیرستان کے علاقہ سپین وام میں شدت پسندوں کی طرف سے پہلے سے نصب بارودی سرنگ کادھماکہ ہوگیا دھماکے کے نتیجے میں سیکورٹی فورسز کے گاڑیوں کے قافلے میں شامل سنگل کیبن میں سوار 4سیکورٹی اہلکارشہزاد،نائیک بابر،سپاہی سیف اللہ،سپاہی جمال دین زخمی ہوگئے جبکہ گاڑی کو بھی نقصان پہنچا دھماکے کے بعد سیکورٹی فورسز نے علاقے کامحاصرہ کرکے سرچ شروع کردیا اور زخمی اہلکاروں کو تشویشناک حالت میں سی ایم ایچ بنوں منتقل کردیا۔