پاکستان افغان حکومت و طالبان کے درمیان مذاکراتی عمل کی مکمل حمایت کرتا ہے، پر امن افغانستان خطے کے مفاد میں ہے، سیکرٹری خارجہ اعزاز چوہدری ، پاکستان افغانستان میں امن کے لئے ہر قسم کی کوششوں کی حمایت جاری رکھے گا، پاکستان زلزلے کے بعد نیپال میں امدادی آپریشن کرنے والا پہلا ملک ہے،پریس کانفرنس

پیر 4 مئی 2015 06:34

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔4 مئی۔2015ء) سیکرٹری خارجہ اعزاز چوہدری نے کہا ہے کہ پاکستان افغان حکومت اور طالبان کے درمیان ہونے والے مذاکراتی عمل کی مکمل حمایت کرتا ہے۔ پر امن افغانستان خطے کے مفاد میں ہے۔ خطے میں امن کے لئے افغانستان میں امن ضروری ہے پاکستان افغانستان میں امن کے لئے ہر قسم کی کوششوں کی حمایت جاری رکھے گا۔ پاکستان زلزلے کے بعد نیپال میں امدادی آپریشن کرنے والا پہلا ملک ہے۔

نیپالی وزیراعظم اور نیپالی آرمی چیف نے پاکستان کی آمدادی کوششوں کو خوب سراہا ہے۔ پاکستان نے نیپال میں 30 بستروں پر مشتمل فیلڈ ہسپتال قائم کیا ہے اور نیپال میں کل 55 امدادی ٹیمیں امدادی سرگرمیوں میں مصروف ہیں۔ پاکستان نیپال میں مزید 20 ہزار خیمے بھیجے گا۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے یہاں پریس کانفرنس میں بریفنگ دیتے ہوئے اور صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

اعزاز چوہدری نے مزید کہا ہے کہ نیپالی وزیراعظم اور آرمی چیف نے زلزلہ کے بعد پاکستان کی جانب سے کی گئی کوششوں کو سراہا ہے اور امدادی آپریشن میں مصروف پاک فوج‘ پاک فضائیہ اور این ڈی ایم اے کی تعریف کی۔ اس موقع پر اعزاز چوہدری کے ساتھ نیپالی سفیر‘ چیئرمین این ڈی ایم اے اور پاک فضائیہ کے نمائندے بھی تھے۔ اعزاز چوہدری نے مزید بتایا کہ زلزلے سے نیپال کے 35 اضلاع متاثر ہوئے ہیں جبکہ زلزلے سے اب تک 6600 افراد ہلاک اور ہزاروں زخمی ہوئے ہیں۔

زلزلے سے 35 لاکھ افراد بے گھر ہوئے ہیں جن کے لئے نیپالی وزیراعظم نے پاکستان سمیت عالمی برادری سے امداد کی اپیل کی ہے اور وزیراعظم ریلیف فنڈ بھی قائم کیا ہے جس میں پاکستان بڑھ چڑھ کر حصہ لے رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نیپال میں 35 لاکھ افراد کو فوری طور پر امداد کی ضرورت ہے اور پاکستان نے 20 ہزار خیمے فوری طور پر نیپال بھجوا رہا ہے اور خوراک اور ادویات بھی شامل ہونگی۔

انہوں نے میڈیا سے تبادلہ خیال کرتے ہوئے کہا کہ نیپال میں 25 اپریل کو 7.9 ریکٹر سکیل کا زلزلہ آیا تھا جس کے بعد پاکستان نے فوری طور پر 38 افراد پر مشتمل پیرا میڈیکل سٹاف نیپال بھجوایا تھا اور بعد میں مزید 50 ڈاکٹروں اور انجینئرز کو نیپال میں امدادی آپریشن کے لئے بھیج دیا گیا ہے جو تمام تر جدید الات سے مزئین ہیں اور پاکستان نے 30 بستر پر مشتمل ایک فیلڈ ہسپتال بھی قائم کیا ہے جن میں اب تک ہزاروں افراد کا اعلاج کیا جا چکا ہے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ زلزلے کے بعد وزیراعظم نے فوری اقدامات کی ہدایت کی تھی جبکہ خصوصی اقدامات کرتے ہوئے 93 پاکستانیوں کو وطن لایا گیا تھا۔ دریں اثناء میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اعزاز چوہدری نے کہا ہے کہ افغانستان میں امن خطے میں امن کے لئے ناگزیر ہے‘ پاکستان افغانستان میں امن کے لئے افغان طالبان اور حکومت کے درمیان مفاہمتی عمل کی مکمل حمایت کرتا ہے۔ پاک افغان تعلقات میں بہتری آ رہی ہے مزید بہتری کے لئے افغانستان میں امن ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ آسٹریلوی وزیر خارجہ 6 مئی کو پاکستان کا دورہ کر رہے ہیں۔ اٹلی میں مشکوک گرفتار افراد میں سے کئی افراد کو چھوڑ دیا گیا ہے ان پر الزامات ثابت نہیں ہوئے ہیں۔