ریاض، عمارت میں آتشزدگی سے5 پاکستانی مزدور جاں بحق ،متعدد زخمی ہوگئے،وزیر اعظم نواز شریف کا 5 پاکستانیوں کے جاں بحق ہونے پر دکھ اور افسوس کا اظہار ،پاکستانیوں کے جسد خاکی پاکستان پہنچانے کیلئے جلد از جلد انتظامات کئے جائیں،وزیر اعظم کی سفارتخانے کو ہدایت

اتوار 3 مئی 2015 05:57

ریاض(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔3 مئی۔2015ء)سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں ایک عمارت میں آتشزدگی سے 5 پاکستانی مزدور جاں بحق جبکہ متعدد زخمی ہوگئے۔غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق سعودی شہر ریاض کے نواح علاقے النظم میں ایک رہائشی فلیٹ میں آتشزدگی کے باعث آگ لگ گئی جس کے نتیجے میں 5 مزدور جاں بحق ہوگئے جبکہ متعدد مزور زخمی بھی ہوئے جنہیں فوری طور پر قریبی ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے،سعودی محکمہ شہری دفاع نے بتایا کہ فلیٹ میں مختلف ممالک کے مزدوررہائش پذیر ہیں جن میں زیادہ تر کا تعلق پاکستان سے ہے،فلیٹ میں پاکستانی مزدووں کے ایک کمر ے میں آگ شارٹ سرکٹ سے لگی ریسکیو حکام نے فلیٹ میں موجود دیگر افراد کو بحفاظت نکال لیا ہے۔

(جاری ہے)

وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف نے ریاض میں پاکستانی مزدوروں کے جاں بحق ہونے پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا اورکہا کہ مشکل کی اس گھڑی میں حکومت غمزدہ خاندانوں کے دکھ کے برابر کی شریک ہے،ترجمان وزیر اعظم ہاؤس کے ترجمان مصدیق ملک نے بتایا کہ وزیر اعظم نے سعودی عرب میں 5 پاکستانی مزدوروں کے جاں بحق ہونے پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا اور سعودی عرب میں پاکستانی سفارت کو ہدایات جاری کیں کہ جاں بحق ہونے والے مزدوروں کے جسد خاکی پاکستان پہنچانے کیلئے جلد از جلد انتظامات کئے جائیں۔