قومی سلامتی اداروں بارے نازیبا گفتگو کو روکنا لازم ہے،پرویز رشید ،نازیبا الفاظ استعمال کرنے والوں کے خلاف لندن میں 2مقدمات درج ہیں،الطاف حسین جو رویہ لندن میں اختیار کرتے ہیں وہی پاکستان میں بھی اختیار کریں،میڈیا سے گفتگو

اتوار 3 مئی 2015 05:49

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔3 مئی۔2015ء)وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات پرویز رشید نے کہا ہے کہ قومی سلامتی کے اداروں کے بارے میں نازیبا گفتگو کو روکنا لازم ہے،نازیبا الفاظ استعمال کرنے والوں کے خلاف لندن میں 2مقدمات درج ہیں،الطاف حسین جو رویہ لندن میں اختیار کرتے ہیں وہی پاکستان میں بھی اختیار کریں۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے آئین کی خلاف ورزی پر پیمرا کو نوٹس لینے کی ہدایت کی ہے۔

(جاری ہے)

پاکستان میں آئین سب سے زیادہ بالادست ہے،آئین قومی سلامتی کے اداروں کی تضحیک کی اجازت نہیں دیتا،آزادی رائے کا حق دیتا ہے۔پیمرا نے تمام ٹی وی چینلز کو ضابطہ اخلاق کی پابندی کا نوٹس بھیجا ہے۔تمام میڈیا ہاؤسز اپنی ذمہ داری کا احساس کریں۔الطاف حسین لندن میں جس طرح قانون کا احترام کرتے ہیں اس طرح پاکستان کے قوانین کا بھی احترام کریں،لندن میں ان کے خلاف2کیسز چل رہے ہیں،پولیس کے سامنے احترام سے پیش ہوتے اس طرح پاکستان کے اداروں کا بھی احترام کریں۔انہوں نے کہا کہ جوڈیشل کمیشن کی کارروائی جاری ہے اس پر تبصرہ نہیں کرسکتا،جوڈیشل کمیشن کا فیصلہ ہمارے حق میں آسکتا ہے اور خلاف بھی آسکتا ہے