چینی صدر کا وزیراعظم نواز شریف کے نا م اظہار تشکر کا خط، پاکستان میں میزبانی پر وزیراعظم اور عوام کا شکر یہ ادا کرتا ہوں، پاکستان اور چین حقیقی معنوں میں آئرن برادر ہیں، شی چن پنگ

جمعہ 1 مئی 2015 08:00

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔یکم مئی ۔2015ء) چین کے صدر شی چن پنگ نے وزیراعظم نواز شریف کو خط لکھا ہے جس میں پاکستان کے دورے پر تپاک استقبال کرنے پر حکومت اور عوام کا شکر یہ ادا کیا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق جمعرات کے روز وزیراعظم نواز شریف سے چین کے سفیر نے ملاقات کی ہے جس میں انہوں نے چینی صدر کی طرف سے وزیراعظم نواز شریف کے نام پاکستان کا دورہ مکمل کر کے وطن پہنچنے کے بعد لکھا گیا۔

اظہار تشکر کا خط وزیراعظم نواز شریف کے حوالے کیا اپنے خط میں چینی صدر شی چن پنگ نے کہا ہے کہ پاکستان میں میزبانی پر وزیراعظم اور عوام کا شکر یہ ادا کرتا ہوں انہوں نے کہا ہے کہ پاکستان اور چین دوستی کے لازوال بندھن میں بندھے ہوئے ہیں دونوں ممالک کی دوستی ہر آزمائش پر پوری اترتی ہے۔

(جاری ہے)

پاکستان اور چین حقیقی معنوں میں آئرن برادر ہیں۔

چینی صدر شی چن پنگ نے اپنے خط میں دونوں ممالک کے درمیان دوستی مزید مضبوط بنانے کے عزم کو دوہرایا ہے اور کہا ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان شروع کئے جانے والے منصوبے کامیاب ہونگے اور پاک چین اقتصادی راہداری منصوبہ جلد پایہ تکمیل تک پہنچے گا۔ اور دونوں ممالک خطے کی ترقی اور خطے میں امن کے لئے مشترکہ کوشش جاری رکھیں گے اس موقع پر وزیراعظم نواز شریف نے چینی صدر کی پاکستان آمد پر انکا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ چینی صدر کی پاکستان آمد کا قوم کو شدت سے انتظار تھا وزیراعظم نے چینی سفیر سے ملاقات کے دوران پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے کے تحت چین کی پاکستان میں سرمایہ کاری پر چین کا شکریہ بھی ادا کیا۔