کابینہ میں تبدیلیاں سعودی عرب کا اندرونی معاملہ ہے،پاکستان،نیپالی متاثرین کو بھیجی گئی خوراک پر بھارتی میڈیا کا واویلا افسوس ناک ہے،وزیر اعظم نے نیپالی اور بھارتی وزرائے اعظم کو فون کر کے جانی و مالی نقصان پراظہار افسوس کیا،نیپال میں زلزلہ متاثرین کی بحالی کیلئے ڈاکٹر، سرچ ممبرز اور ریسکیو ٹیمیں بھیجی ہیں،یمن کی صورت حال پر جلد او آئی سی کا اجلاس بلایا جائیگا، ،ترجمان دفتر خارجہ کی ہفتہ وار پریس بریفنگ

جمعہ 1 مئی 2015 07:59

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔یکم مئی ۔2015ء)پاکستان نے کہا ہے کہ سعودی کابینہ میں حالیہ تبدیلیاں سعودی عرب کا اندرونی معاملہ ہے،نیپالی متاثرین کو بھیجی گئی خوراک پر بھارتی میڈیا کا واویلا افسوس ناک ہے ،المناک حادثے کے باوجو بھارتی میڈیا سازشوں سے باز نہیں آیا،جموں و کشمیر کا علاقہ متنازع ہے،بھارت مقبوضہ علاقہ میں معصوم شہریوں پر تشدد کر کے اقوام متحدہ کی قراردادوں کی خلاف ورزی کررہا ہے ،یمن کی صورت حال پر خطے کے تمام ممالک سے رابطے میں ہیں اس حوالے سے جلد ہی او آئی سی کا اجلاس بلایا جائیگا،نیپال میں زلزلہ متاثرین کی بحالی کیلئے 80 ڈاکٹر،80 سرچ ممبرز اور ریسکیو ٹیمیں امدادی کاموں میں مصروف ہیں۔

پاکستان دہشت گردی کے خاتمے کے لئے کامیاب آپریشن کررہا ہے اور آخری دہشت گرد کے خاتمے تک آپریشن ضرب عضب جاری رہے گا،جمعرات کے ترجمان دفتر خارجہ تسنیم اسلم نے صحافیوں کو ہفتہ وار پریس بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ سعودی عرب کی کابینہ میں حالیہ تبدیلیاں سعودی حکومت کا اندرونی معاملہ ہے، پاکستان دوسرے ممالک کے اندرونی معاملات میں مداخلت نہیں کرتا ، انہوں نے کہا کہ پاکستان یمن کی صورت حال پر خطے کے تمام ممالک سے رابطے کررہا ہے اور اس حوالے سے او آئی سی کا اجلاس جلد ہو گا،تسنیم اسلم نے کہا کہ نیپال میں زلزلہ کے بعد امدادی سامان پہنچانے والا پاکستان پہلا ملک ہے،امدادی سامان میں ادویات ،خوراک اور دیگر ضروریات زندگی کی اشیاء بھیجی گئی ہیں جبکہ اس امدادی سامان میں بڑا گوشت شامل نہیں ہے۔

(جاری ہے)

ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ نیپالی حکومت نے خوراک اور امدادی اشیاء بھیجنے پر شکریہ ادا کیا اورپاکستانی مدد کو سراہا ہے،نیپال میں پاکستانی امدادی اشیاء اور خوراک پر بھارتی میڈیا کا واویلا افسوسنا ک ہے ،خطے میں ایک بڑا لمناک حادثہ ہوا ہے لیکن بھارتی میڈیا سازشوں سے باز نہیں آیا ہے،انہوں نے کہا کہ نیپال میں پاکستانی امدادی اداروں نے کام جاری رکھا ہوا ہے،پاکستان نے 2 سی ون تھرٹی طیارے ، 80 ڈاکٹر،80 سرچ ممبرز اور ریسکیو ٹیمیں بھیجی ہیں جو متاثرین کی بحالی کے کاموں میں مصروف ہیں،انہوں نے کہا کہ نیپال میں زلزلے کے بعد پہلا بچہ پاکستان کیمپ میں پیدا ہوا ہے ،انہوں نے کہا کہ نیپال میں تباہ کن زلزلے کے بعد وزیر اعظم نواز شریف نے نیپالی ہم منصب کو فون کیا اور پھر بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کو بھی فون کر کے جانی و مالی نقصان پر اظہار افسوس کیا ہے ۔

ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ دو اپریل کشتی حادثے میں 10پاکستانی اور5 یمنی باشندے محفوظ رہے ہیں،انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر ایک متنازع علاقہ ہے، بھارتی فوج کی جانب مسلم آبادی پر معصوم شہریوں پر تشدد افسوس ناک ہے، بھارت کشمیریوں کو تشدد کا نشانہ بنا کر اقوام متحدہ کی قراردادوں کی خلا ف ورزی ہے ،تسنیم اسلم نے کہا کہ خطے کے تمام ممالک کو امن وا ستحکام اور ترقی کی ضرورت ہے،افغانستان میں امن وا ستحکام خطے کے مفاد میں ہے،پاکستان افغانستان میں امن و استحکام کا خواہاں ہے،انہوں نے کہا کہ پاکستان دہشت گردی کے خاتمے کے لئے کامیاب آپریشن کررہا ہے اور آخری دہشت گرد کے خاتمے تک آپریشن ضرب عضب جاری رہے گا۔