”را“سے تربیت حاصل کرنیوالے ایم کیو ایم کے دو کارکنوں کو گرفتار کرلیا،ایس ایس پی ملیر،ملزمان طاہر عرف لمبا اور جنید کے ایم سی کے ملازم ہیں، بینکاک کے راستے بھارت لے جایا گیا ،ایم کیو ایم کے سینئر رہنما محمد انور براہ راست ہدایات دیتے تھے،ایم کیو ایم طالبان سے بھی زیاد ہ خطرناک اور دشمنوں کے ساتھ مل کرملک کے خلاف کام کرتی ہے، کالعدم قرار دیا جائے، ایس ایس پی راؤ انوار کی پریس کانفرنس

جمعہ 1 مئی 2015 07:46

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔یکم مئی ۔2015ء)کراچی پولیس کے سینئر افسر راؤ انوار نے کہا ہے کہ گزشتہ شب متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) کے دو ایسے کارکنوں کو گرفتار کیا گیا ہے جنہوں نے ہندوستان کے خفیہ ادارے 'را' سے تربیت حاصل کی تھی،ایم کیو ایم جیسی تنظیموں کوکالعدم قراردیا جانا چاہیے،ایم کیو ایم دشمنوں کے ساتھ مل کرملک کے خلاف کام کرتی ہے، ایم کیو ایم طالبان سے زیادہ خطرناک ہے۔

جمعرا ت کے روز کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ایس ایس پی ملیر راؤ انوار نے کہا کہ گرفتار ملزمان کے نام طاہرعرف لمبا اور جنید ہیں جنہوں نے ہندوستان جا کر تربیت حاصل کی۔انہوں نے اس موقع پر ایم کیو ایم کو 'دہشت گرد' جماعت قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس پر پابندی لگنی چاہیے۔انہوں نے کہا کہ وہ حکومت کو سفارش کریں گے کہ ایم کیو ایم پر پابندی لگائی جائے، متحدہ طالبان سے خطرناک جماعت ہے اس پر بھی دیگر جماعتوں کی طرح پابندی عائد ہونی چاہیے۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ دونوں ملزمان نے اعتراف کیا ہے کہ انہوں نے ہندوستان جاکر اپنے نام تبدیل کیے اور 'را' سے مسلح تربیت حاصل کی۔انہوں نے کہا کہ لندن جانے والوں کے خرچے خدمت خلق فاؤنڈیشن سے ادا کئے جاتے ہیں۔ ہمارے پاس ایم کیوایم کے خلاف اور بھی بہت سے ثبوت ہیں۔راؤ انوار نے انکشاف کیا کہ سارا کام ایم کیو ایم قائد الطاف حسین اور رہنما ندیم نصرت اور محمدانور کی ہدایت پر کیا جاتا ہے۔

پریس کانفرنس کے دوران ملزم طاہر لمبا نے میڈیا کے سامنے کہا کہ انڈیا میں سنی نامی ایم کیو ایم کے کارکن نے انہیں ایک کیمپ تک پہنچایا۔ملزم نے اعتراف کیا کہ انہیں ہندوستانی ایجنسیوں نے جدید اسلحہ چلنے کی تربیت دی گئی جبکہ انہیں محمد انور نے ہندوستان جانے کی ہدایت کی۔ایس ایس پی ملیر راؤ انوار نے کہا ہے کہ ایم کیو ایم بْرے طریقے سے پھنس چکی ہیں جو اپنے لوگوں کو بھارت سے تربیت دلوا کر پاکستان میں کام کرواتی ہے۔

ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین کی ہدایت پر پاکستان میں کارروائیاں ہوتی ہیں۔ایس ایس پی نے بتایا کہ دہشتگردوں کو بنکاک کے راستے بھارت لے جایا گیا تھا جہاں انھیں بھارت کی خفیہ ایجنسی ''را'' نے ٹریننگ دی۔ دونوں دہشتگردوں کو لاہور کے راستے پاکستان میں داخل کیا گیا تھا۔ایس ایس پی راؤ انوار نے انکشاف کیا کہ ایم کیوایم کے ہر سیکٹر کے لڑکے بھارت ٹریننگ کے لئے جاتے ہیں،ابھی تک60 لڑکوں کی ٹریننگ کی اطلاعات ہے، لڑکوں کو بھارتی شہر ’دہرہ دون‘ میں تربیت دی جاتی ہے، تربیت کے بعد لاہور کے ذریعے پاکستان آتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ محمد انور بھارتی نژاد برطانوعی شہری ہیں پاکستانی نہیں ہیں، لندن سیکٹریٹ سے زولفقار حیدر اور ندیم نصرت بھارتی ایجنسی را سے رابطے میں ہیں۔ایس ایس پی ملیرراؤ انوار نے بتایا کہ ملزمان کا نیٹ ورک پوریپاکستان میں ہے، گرفتارملزمان کے قبضے سے بارودی مواداوردستی بم بھی ملے،دونوں گرفتار دہشت گرد کے ایم سی کے ملازم ہیں۔