اسلام کے نام پر قتل و غارت گری کرنے والوں کا امت مسلمہ کو مل کر خاتمہ کرنا ہوگا،صدر ممنون حسین، وقت آگیا ہے تمام مسلمان ممالک ایک پلیٹ فارم پر جمع ہو کر دنیا کے سامنے اسلام کا صحیح تشخص بحال کریں، اومان کے مفتی اعظم سے گفتگو ،صدر مملکت کی اومان کے بادشاہ سلطان قابوس کی جلد صحت یابی کے لیے بھی دعا

جمعرات 30 اپریل 2015 09:00

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔30 اپریل۔2015ء)صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ دنیا میں اسلام کے نام پر قتل و غارت گری کرنے والوں کا امت مسلمہ کو مل کر خاتمہ کرنا ہوگا۔انہوں نے یہ بات اومان کے مفتی اعظم شیخ احمد بن حماد الخلیلی سے گفتگو کرتے ہوئے کہی جنھوں نے اپنے وفد کے ہمراہ بدھ کے روز صدر مملکت سے ایوان صدر اسلام میں ملاقات کی۔

صدر مملکت نے کہا کہ اب وقت آگیا ہے کہ تمام مسلمان ممالک ایک پلیٹ فارم پر جمع ہوجائیں اور دنیا کے سامنے اسلام کا صحیح تشخص بحال کریں۔ انھوں نے کہا کہ دنیا میں اسلام کے نام پر قتل و غارت کرنے والوں کو راہ راست پر لانے کے لیے سنجیدہ کوششوں کی ضرورت ہے لیکن اگر وہ نہ مانیں تو تمام مسلم ملکوں کو ان کے خاتمے کے لیے کارروائی کرنی چاہیے۔

(جاری ہے)

صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان کے اومان کے ساتھ قریبی برادرانہ تعلقات ہیں۔ پاکستانیوں کی بڑی تعداد اومان میں رہتی ہے جو دونوں ملکوں کے درمیان پل کا کردار ادا کررہی ہے۔ صدر مملکت نے کہا کہ پاکستانی اومان کی پولیس اور فوج میں بھی خدمات انجام دے رہے ہیں۔ صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان میں مذہبی اداروں کو بہت اہمیت دی جاتی ہے، کوشش ہے کہ دنیاوی تعلیم کے ساتھ ساتھ دینی تعلیم بھی دی جائے۔

اس موقع پر سلطنت اومان کے مفتی اعظم شیخ احمد بن حماد الخلیلی نے کہا کہ پاکستان اسلام کے خلاف فتنہ پھیلانے والوں کی سرکوبی کرے ،تمام امت مسلمہ پاکستان شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ انھوں نے کہا کہ ذرائع ابلاغ نے دہشتگرد تنظیم داعش کو مملکت اسلامی کا نام دیا ہے جو درست نہیں۔ صدر ممنون حسین نے اومان کے بادشاہ سلطان قابوس کی جلد صحت یابی کے لیے دعا بھی کی۔

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :