وزیراعلیٰ پنجاب سے امام کعبہ کی ملاقات ،شہبازشریف کی جانب سے ڈاکٹر خالد الغامدی کے اعزازمیں پروقار تقریب ، دنیا ادھر سے ادھرہو جائے پاکستان اور سعودی عرب کو کوئی جدا نہیں کرسکتا،شہبازشریف ،پاکستان اور سعودی عرب میں ا یسا رشتہ موجود ہے جسے کوئی نقصان نہیں پہنچا سکتا،دنیاکی کوئی طاقت اختلافات پیدا نہیں کر سکتی،پاکستانی عوام کاگھرسعودی عرب اور سعودی عوام کا گھر پاکستان ہے ،امن ہو یا جنگ سعودی عرب نے ہمیشہ پاکستان کا بھرپور ساتھ دیا ہے،دونوں ملکوں میں ایسا رشتہ قائم ہے جو دنیا وی تعلقات سے بالا تر ہے، وزیراعلیٰ کا امام کعبہ کے اعزاز میں منعقدہ تقریب سے خطاب، پاکستان سعودی عرب اور سعودی عرب پاکستان ہے اور یہی دشمن کے لئے تکلیف دہ امر ہے،امام کعبہ

پیر 27 اپریل 2015 08:18

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔27 اپریل۔2015ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہاہے کہ امام کعبہ ڈاکٹر خالد الغامدی کی آمد ہمارے لئے باعث خیر و برکت ہے-میں پاکستان بالخصوص پنجاب کے عوام ،حکومت اور اپنی جانب سے دل کی اتھاہ گہرائیوں سے انہیں خوش آمدید کہتا ہوں-پاکستان سعودی عرب کا اور سعودی عرب پاکستان کا دوسرا گھر ہے -پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان برادرانہ ،روحانی ، مذہبی اور ایسے دوستانہ تعلقات موجود ہیں جس کی دنیا کی تاریخ میں کوئی مثال نہیں ملتی -سعودی عرب پاکستان کی پوری تاریخ میں اچھے اور برے حالات میں ہمیشہ ساتھ کھڑا رہاہے -سیلاب ہو یا زلزلہ یا کوئی او رقدرتی آفت سعودی عرب نے ہمیشہ پاکستان کی بھرپو رمدد کی ہے -پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان ا یسا رشتہ موجود ہے جسے کوئی نقصان نہیں پہنچا سکتا-دنیاکی کوئی طاقت ہمارے درمیان اختلافات پیدا نہیں کر سکتی او رنہ ہی ہمیں ایک دوسرے سے جدا کر سکتی ہے -دنیا ادھر سے ادھر ہو جائے سعوی عرب اور پاکستان کبھی ایک دوسرے سے جدا نہیں ہو سکتے -وزیراعلی محمد شہبازشریف نے ان خیالات کااظہارآج یہاں امام کعبہ ڈاکٹر خالد الغامدی کے اعزاز میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا -وزیراعلی محمد شہبازشریف نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ آج ہمارے لئے عزت او رخوشی کا دن ہے کہ امام کعبہ جیسی عظیم ہستی ہمارے درمیان موجود ہے-وہ پہلی دفعہ پاکستان تشریف لائے ہیں ، انشاء الله وہ آئندہ بھی یہاں آتے رہیں گے -پشاور سے لے کر کراچی تک پاکستان کے 18کروڑ عوام ان کے لئے فرش راہ ہیں -پاکستان کاہر صوبہ ،ہر گھر اور ہر شخص انہیں خوش آمدید کہہ رہا ہے- پاکستانی عوام کا گھرسعودی عرب اور سعودی عوام کا گھر پاکستان ہے ،دونوں ممالک کے تعلقات اور روابط کسی سے ڈھکے چھپے نہیں ہیں- امن ہو یا جنگ سعودی عرب ہر موقع پر ہمیشہ پاکستان کے ساتھ کھڑا رہا ہے-پاکستان کی معاشی ترقی میں سعودی عرب نے جو ساتھ نبھایاہے اس کا الفاظ میں شکریہ ادا نہیں کیاجاسکتا-سعودی عرب اور پاکستان کے درمیان ایسا لا زوال تعلق موجود ہے جس کی دنیا کی تاریخ میں کوئی مثال نہیں ملتی- اس کا مشاہدہ آپ نے اپنے حالیہ دورے میں بھی کیا ہے-آپ جہاں بھی گئے ہیں سب لوگوں نے آپ سے والہانہ محبت کا اظہار کیا ہے-انہوں نے کہاکہ وزیراعظم محمد نوازشریف نے حال ہی میں سعودی عرب کا دورہ کیا اور خادمین حرمین الشرفین شاہ سلمان او ردیگر سعودی حکام سے ملاقاتیں کیں -دنیا نے یہ مناظر دیکھے کہ کس طرح دو بھائی آپس میں مل رہے ہیں اور دل کی باتیں ایک دوسرے سے کہہ رہے تھے اور یہ مخالفین اور حاسدین کے منہ پر طمانچہ تھا-میں نے بھی سعودی عرب کا دورہ کیاتھا اور سعودی حکام سے سود مند ملاقاتیں ہوئیں اور اپنے بھائیوں سے دل کی باتیں کیں جیسے گھر کے افراد ایک دوسرے سے کرتے ہیں-انہوں نے کہاکہ ہمارے دلو ں میں سعودی عرب کا بے پناہ احترام ہے اوراسے الفاظ میں بیان نہیں کیا جا سکتا- انہوں نے کہاکہ امام کعبہ مقدس قطعہ اراضی سے یہاں آئے ہیں اوروہ اس عظیم اورمبارک مسجد کے امام ہیں جس کی طرف رخ کر کے دنیا کے تمام مسلمان نماز ادا کرتے ہیں- انہوں نے کہاکہ سعودی عرب اور پاکستان کی دوستی ہر آزمائش پر پوری اتری ہے،دونوں طرف کے عوام ایک دوسرے سے گہرا دلی لگاؤ رکھتے ہیں،دونوں ملکوں کے درمیان ایسا رشتہ قائم ہے جو دنیا وی تعلقات اور مقاصد سے بالا تر ہے-دنیا کی کوئی طاقت پاکستان اورسعودی عرب کے مضبوط اورلازوال رشتوں میں رکاوٹ پیدا کر سکتی ہے نہ اختلافات۔

(جاری ہے)

پاکستان سعودی عرب کے ساتھ کھڑا ہے اورسعودی عرب پاکستان کے ساتھ ، میرے نزدیک ایسی صورتحال میں یہ کوئی سوال نہیں کہ موجودہ حالات میں پاکستان کا سعودی عرب کے بارے میں کیا کردار ہوناچاہیے -تصور پاکستان کے خالق علامہ اقبال نے اپنے اس شعر کے ذریعے اس کا جواب کئی دہائیوں قبل دے دیا ہے-