دشمن ہمارے درمیان نفرتیں پیدا کرکے ہمارے اتحاد اور یکجہتی کو توڑنا چاہتا ہے ، الشیخ خالد الغامدی،ہمیں دشمن کی افواہوں پر کان نہیں دھرنے چاہئیں۔ دشمن کی ان چالوں سے ہوشیار رہتے ہوئے ہمیں باہمی محبت ،اخوت اور بھائی چارے کو فروغ دیناچاہیے ۔ متحد ہونے سے ہی دشمن کے عزائم میں ناکام بناسکتے ہیں۔سعودی عوام پاکستان اور پاکستانی عوام سے محبت رکھتے ہیں ،ہمیں حکومت پاکستان اور پاکستانی بھائیوں پر ناز ہے ،حرمین الشریفین کی حفاظت کی ذمہ داری ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے ،جامع مسجد منصورہ میں امام کعبہ کی نماز فجر کی امامت اور خطاب

اتوار 26 اپریل 2015 04:26

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔26 اپریل۔2015ء) امام کعبہ جناب الشیخ خالد الغامدی نے جامع مسجد منصورہ میں نماز فجر کی امامت کی۔ ہزاروں مرد و خواتین نے نماز میں شرکت کی ۔ الشیخ خالد الغامدی نے نماز کے بعد خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دشمن ہمارے درمیان نفرتیں پیدا کرکے ہمارے اتحاد اور یکجہتی کو توڑنا چاہتا ہے ،ہمیں دشمن کی افواہوں پر کان نہیں دھرنے چاہئیں۔

دشمن کی ان چالوں سے ہوشیار رہتے ہوئے ہمیں باہمی محبت ،اخوت اور بھائی چارے کو فروغ دیناچاہیے ۔دنیا میں بسنے والے مسلمان ایک امت ہیں ،ہمارا خدا ،نبی ،قرآن ،ایمان عقیدہ اور جنت ایک ہے ،جب تک ہم متحد رہیں گے دشمن اپنے عزائم میں کامیاب نہیں ہوسکے گا۔سعودی عوام پاکستان اور پاکستانی عوام سے محبت رکھتے ہیں ،ہمیں حکومت پاکستان اور پاکستانی بھائیوں پر ناز ہے ،حرمین الشریفین کی حفاظت کی ذمہ داری ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے ،سعودی عرب نے یمن میں باغیوں کے خلاف کاروائی اپنی مرضی سے نہیں بلکہ یمن کی آئینی حکومت کی اپیل پر کی ہے ،ہم سمجھتے ہیں کہ سب مسلمان ایک دوسرے کے بھائی اور دست و بازو ہیں۔

(جاری ہے)

سید مودودی نے احیائے دین کی ایک تحریک کو منظم کرکے امت پر بڑا احسان کیا ہے ،آج نہ صرف پاکستان میں بلکہ دنیا کے کونے کونے میں سید مودودی  کے لٹریچر سے استفادہ کرنے والے ان کے عقیدت مندموجود ہیں ،میں نے خود سید مودودی  کی کتابوں کو پڑھا ہے ۔سعودی عرب میں ایک مرکزی شاہراہ کا نام بھی سید مودودی  کے نام پرر کھاگیا ہے ،سعودی عوام سید مودودی  سے بے پناہ محبت اور عقیدت کا اظہار کرتے ہیں ،یہی وجہ ہے کہ ان کے انتقال پرحرم کعبہ اور حرم نبوی میں ان کی غائبانہ نماز جنازہ ادا کی گئی ۔

منصورہ کا مطلب اسلام کی ایک ایسی جماعت ہے جس کو نصرت دی گئی ہے ۔جماعت اسلامی کے موجودہ امیر سراج الحق عالم اسلام کی ایک متحرک شخصیت ہیں جن کے دل میں اسلام اور مسلمانوں کیلئے بے پناہ محبت ہے اور مجھے یقین ہے کہ غلبہ دین کیلئے ان کی کوششیں رنگ لائیں گی ۔قبل ازیں امام کعبہ الشیخ خالد الغامدی جب سعودی سفیر کے ہمراہ جماعت اسلامی پاکستان کے مرکز منصورہ پہنچے تو ان کا فقید المثال استقبال کیا گیا ۔

امیر جماعت اسلامی سینیٹرسراج الحق،نائب امیر میاں محمد اسلم ،لیاقت بلوچ ،ڈاکٹر فرید احمد پراچہ اور عبدالغفار عزیز نے جماعت اسلامی کے دیگر ذمہ داران کے ہمراہ ان کااستقبال کیا انہیں خوش آمدید اور مرحبا کہا ۔امام کعبہ کی امامت میں ہزاروں نمازیوں نے جامع مسجد منصورہ میں نماز ادا کی ۔امام کعبہ کی امامت میں نماز فجر کی ادائیگی کی سعادت حاصل کرنے کیلئے لاہور اور گردو نواح سے لوگوں کے قافلے رات ہی کو منصورہ پہنچنا شروع ہوگئے تھے ۔

خواتین کی بھی بہت بڑی تعداد نماز فجرامام کعبہ کی امامت میں پڑھنے کیلئے منصورہ پہنچی ۔ امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم سعودی عرب پر حملہ پاکستان پر حملہ تصور کرتے ہیں اور امام کعبہ الشیخ خالد الغامدی کے ذریعہ اپنے سعودی بھائیوں کو پیغام دیتے ہیں اگر کسی نے سعودی عرب کی طرف میلی آنکھ سے دیکھا تواہل پاکستان اس کے مقابلے کیلئے اٹھ کھڑے ہونگے ،ہمارا جینا مرنا سعودی عرب کے ساتھ ہے ،مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ ہماری محبتوں اور عقیدتوں کا مرکز ہے ۔

ہمارے جسم پاکستان میں جبکہ روح مکہ مکرمہ اور مدینہ منور ہ میں ہے۔سعودی عرب اسلام اور امن کا قلعہ ہے ہمارے دل سعودی بھائیوں کے ساتھ دھڑکتے ہیں ،ہم کعبة اللہ کے امام کے سامنے آج ایک بار پھر اعلان کرتے ہیں کہ ہم پاکستان کو اس کے قیام کی حقیقی منزل لاالہ الااللہ سے ہمکنار کرنے کے لیے جدوجہد کر رہے ہیں اورہم زندگی کے آخری لمحہ اور خون کے آخری قطرہ تک پاکستان میں دین کے نفاذ اور شریعت محمدی ﷺکیلئے جدوجہد کرتے رہیں گے ۔

امام کعبہ کی منصورہ آمد ہمارے لئے باعث مسرت اور برکت ہے ،یہ صرف جماعت اسلامی کیلئے نہیں بلکہ دنیا بھر کی اسلامی تحریکوں کیلئے خوشی اور مسرت کا لمحہ ہے ۔سینیٹرسراج الحق نے کہا کہ خیر اور شر کے معرکہ میں سعودی عرب خود کو تنہا نہ سمجھے ،اہل پاکستان حرمین الشریفین کی حفاظت کیلئے اپنی جانیں نچھاور کرنا سعادت سمجھتے ہیں ۔سعودی عرب دنیا میں ہدایت ،عزت اور امن کا مرکز ہے ہم امام حرم کے ذریعہ سعودی عوام کو یہ پیغام دینا چاہتے ہیں کہ سعودی عرب اور پاکستان یک جان دوقالب ہیں ۔

سعودی عرب عالم اسلام کا قائد ہے ۔یہ صرف میرے یاجماعت اسلامی کے کارکنوں کے جذبات نہیں بلکہ پاکستان کے اٹھارہ کروڑ عوام کی آواز ہے ۔انہوں نے کہا کہ امام کعبہ کی پاکستان آمدپاکستان اور اہل پاکستان کیلئے خوشی اور عید کا دن ہے ۔انہوں نے کہا کہ مدینہ منورہ کے بعد پاکستان دنیا میں واحد ملک ہے جو کلمہ کی بنیاد پر معرض وجود میں آیا ۔پاکستانی قوم کی یہ خوش بختی ہے کہ اللہ تعالیٰ نے انہیں پاکستان جیسی نعمت عطا کی ،اب اس مملکت خداداد کی حفاظت اور اس کے قیام کے مقاصد پورے کرنا ہماری ذمہ داری ہے ۔

متعلقہ عنوان :