اس وقت تقریباً 5000 میگا واٹ بجلی کی کمی ہے، احسن اقبال ، اس کمی کو پورا کرنے کے علاوہ آنے والے سالوں میں ہونے والی معاشی ترقی کیلئے اضافی اور سستی بجلی بھی پیدا کرنی ہے تا کہ بجلی کی لوڈشیڈنگ سے ہمیشہ ہمیشہ کیلئے نجات حاصل کی جا سکے،فیصل آباد میں صنعتکاروں سے خطاب

ہفتہ 25 اپریل 2015 06:34

فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔25 اپریل۔2015ء) منصوبہ بندی ، ترقی اور اصلاحات کے وفاقی وزیر پروفیسر احسن اقبال نے کہا ہے کہ اس وقت تقریباً 5000 میگا واٹ بجلی کی کمی ہے۔ ہم نے اس کمی کو پورا کرنے کے علاوہ آنے والے سالوں میں ہونے والی معاشی ترقی کیلئے اضافی اور سستی بجلی بھی پیدا کرنی ہے تا کہ بجلی کی لوڈشیڈنگ سے ہمیشہ ہمیشہ کیلئے نجات حاصل کی جا سکے۔

فیصل آباد میں صنعتکاروں سے خطاب کرتے ہوئے مزید وفاقی وزیر پروفیسر احسن اقبال نے بجلی کے حوالے سے کہا کہ اس بحران کیلئے تین نکاتی حکمت عملی وضع کی گئی ہے جس میں بجلی کی پیداوار میں اضافہ کے علاوہ ٹرانسمیشن لائنوں پر بھی توجہ دی جا رہی ہے تا کہ بجلی کو لوڈسنٹروں تک پہنچایا جا سکے۔ مزید برآں گورننس کے مسائل بھی حل کئے جائیں گے تا کہ بجلی چوری نہ ہو اور پیدا ہونے والی بجلی کے بلوں کی سو فیصد وصولی ہو سکے۔

(جاری ہے)

بجلی کی پیداوار کے حوالے سے انہوں نے بتایا کہ 10400 میگاواٹ کے منصوبے تجویز کئے گئے ہیں جن میں 1600 میگا واٹ کے پن بجلی کے اور 5200 میگاواٹ کے کوئلے سے چلنے والے منصوبے بھی شامل ہیں۔ اسی طرح ونڈ اور سولر کے منصوبے بھی تیار ہیں ان میں سے بہاولپور میں لگایا جانے والا1000 میگاواٹ کا سولر انرجی کا پارک دنیا کا سب سے بڑا سولر پارک ہوگا۔ احسن اقبال نے مزید کہا کہ 11 ارب ڈالر بنیادی ڈھانچے کیلئے رکھے گئے ہیں جن سے گوادر پورٹ اور وہاں ہوائی ادارے کی تعمیر بھی شامل ہے فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری 15 کلوواٹ کا سولر سسٹم لگا کرپاکستان کا پہلا گرین چیمبر بن گیا ہے۔

منصوبہ بندی ، ترقی اور اصلاحات کے وفاقی وزیر پروفیسر احسن اقبال نے آج فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں لگائے جانے والے سولر پلانٹ کا افتتاح کیا اور ملک میں توانائی کے متبادل اور محفوظ ذرائع کے فروغ کے سلسلہ میں فیصل آباد چیمبر کے صدر انجینئر رضوان اشرف کی کوششوں کو سراہا۔ انہوں نے ربن کاٹا اور بعد میں بٹن دبا کر چیمبر کو سولر سسٹم سے بجلی سپلائی کرنے کا باضابطہ افتتاح کیا۔ اس موقع پر فیصل آباد چیمبر کے صدر انجینئر رضوان اشرف کے علاوہ فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر میاں محمد ادریس بھی موجود تھے۔ بعد میں احسن اقبال نے سولر سسٹم کی کامیابی کیلئے دعا بھی کی۔