مجرم شفقت حسین کے ایک بار پھر ڈیتھ وارنٹ جاری ،6 مئی کو تختہ دار پر لٹکایا جائیگا،انسداد دہشت گردی کی عدالت نے سینٹرل جیل کی درخواست پراحکامات جاری کردیئے

ہفتہ 25 اپریل 2015 05:01

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔25 اپریل۔2015ء)انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے قتل کے الزام میں سزائے موت پانے والے سینٹرل جیل کراچی کے قیدی شفقت حسین کے ایک بار پھر ڈیتھ وارنٹ جاری کر دیئے ہیں،6 مئی کو صبح ساڑھے پانچ بجے مجرم کو تختہ دار پر لٹکا دیا جائیگا۔۔میڈیا رپورٹس کے مطاب جمعہ کے روز انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے سینٹرل جیل حکام کی درخواست پر قتل کے الزام میں سزائے موت کے قیدی شفقت حسین کے ڈیتھ وارنٹ جاری کرتے ہوئے 6 مئی کو مجرم کو سزائے موت پر عملدرآمد کے احکامات جاری کردیئے ہیں۔

جیل حکام نے عدالت میں موقف اختیار کیا ہے کہ مجرم شفقت حسین کی ہائی کورٹ ،سپریم کورٹ اور صدر مملکت رحم کی اپیلیں مسترد کر چکے ہیں جبکہ شفقت حسین کی مقتول کے اہلخانہ نے بھی معافی مسترد کر دی۔

(جاری ہے)

این جی اوز اور دیگر اداروں کی درخواست پر شفقت حسین کی کم عمر کے حوالے سے بھی انکوائری کرائی گئی ،انکوائری رپورٹ میں بھی شفقت حسین کی 2004 ء میں عمر 23 سال بتائی گئی ہے لہذا مجرم کے ڈیتھ وارنٹ جاری کئے جائیں جس پر عدالت نے مجرم شفقت حسین کو 6 مئی کی صبح ساڑھے پانچ تختہ دار پر لٹکانے کے ڈیتھ وارنٹ جاری کر دیئے۔

واضح رہے کہ مجرم شفقت حسین کی کم عمری کی وجہ سے ان کے ڈیتھ وارنٹ منسوخ ہو چکے ہیں۔وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے مختلف سیاسی جماعتوں اور این جی اوز کے احتجاج پر مجرم شفقت حسین کی عمرکے حوالے سے تحقیقاتی کمیٹی تشکیل دی جس کی انکوائری رپورٹ منظر عام پر آ چکی ہے،رپورٹ کے مطابق مجرم شفقت حسین کی2004 میں عمر 23 سال تھی۔

متعلقہ عنوان :