وادی تیراہ میں جیٹ طیاروں کی بمباری ، 3 خود کش بمباروں سمیت20 دہشت گرد ہلاک ،کارروائی میں دہشت گردوں کا خوراک کا ذخیرہ اور اسلحہ ڈپو بھی تباہ ہوگیا، آئی ایس پی آر

جمعہ 24 اپریل 2015 04:55

خیبر ایجنسی(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔24 اپریل۔2015ء)خیبر ایجنسی کے علاقے وادی تیراہ میں پاک فضائیہ کے جوانوں کی دہشت گردوں کے خفیہ ٹھکانوں پرفضائی کارروائی میں 3 خود کش حملہ آور و ں سمیت 20 دہشت گردہلاک ہوگئے ۔آئی ایس پی آر کے مطابق انٹیلی جنس رپورٹ پر جمعرات کی علی الصبح پاک فضائیہ کے جوانوں نے دہشت گردوں کے خفیہ ٹھکانوں پر جیٹ طیاروں کی مدد سے شدید گولہ باری اور شیلنگ کی جسکے نتیجے میں 20 دہشت گرد ہلاک ہوگئے ،ہلاک ہونے والوں میں 3 خود کش بمبار بھی شامل تھے۔

ہلاک ہونے والے دہشت گرد و ں میں کالعدم تنظیم تحریک طالبان اور لشکر اسلام کے اہم کمانڈر بھی شامل تھے۔دہشت گردوں کے ٹھکانوں سے متعدد خودکش جیکٹس اور بھاری مقدار میں اسلحہ بھی برآمد کر لیا گیا ہے ۔

(جاری ہے)

آئی ایس پی آر کے مطابق ان خفیہ ٹھکانوں میں دہشت گردوں کا ایک گروہ دہشت گردانہ کارروائیوں کیلئے منصوبہ بندی کرنے میں مصروف تھا۔دہشت گردوں کے خفیہ ٹھکانوں سے نقشہ جات بھی برآمد ہوئے ہیں جنہیں قبضہ میں لے لیا گیا ہے ،پاک فضائیہ کے جوانوں کی اس فضائی کارروائی میں دہشتگردوں کاخوراک کا ذخیرہ اور اسلحہ کا ایک بڑا ڈپو مکمل طور پر تباہ ہوگیا ہے ۔

واضح رہے کہ گزشتہ روزپاک فضائیہ کی شمالی وزیرستان کے علاقے دتہ خیل میں دہشت گردوں کے خفیہ ٹھکانوں پر بمباری کی جس کے نتیجے میں22 دہشت ہلاک ہوگئے تھے۔