لاہور ، ساہیوال اور بہاولپور میں سزائے موت کے 4 قیدیوں کو لٹکا دیا گیا،سزائے موت پر عمل درآمد شروع ہونے کے بعد سے اب تک ملک کی مختلف جیلوں میں تقریبا 80 افراد کو سزائے موت دی جا چکی ہے

جمعرات 23 اپریل 2015 05:07

لاہور/ ساہیوال/ بہاولپور(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔23 اپریل۔2015ء)لاہور ، ساہیوال اور بہاولپور میں سزائے موت کے منتظر ، قتل کے 4 مجرموں کو تختہ دار پر لٹکا دیا گیا۔لاہور کوٹ لکھپت جیل میں 2 قیدیوں رضوان اور معظم خان کو پھانسی دے دی گئی۔ مجرم رضوان نے 2006 ء میں سیٹھ عابد کے بیٹے سیٹھ ایاز سمیت 5 افراد کو قتل کیا تھا جبکہ مجرم معظم خان نے 1995ء میں لاہور کے علاقے مصری شاہ میں فائرنگ کر کے ایک شہری کو قتل کیا تھا۔

(جاری ہے)

سنٹرل جیل ساہیوال میں مجرم زاہد حسین کو پھانسی دی گئی ، مجرم زاہد حسین نے 2001 ء میں ساہیوال میں کانسٹیبل فدا حسین کو قتل کیا تھا۔ نیو سنٹرل جیل بہاولپور میں سزائے موت کے قیدی نذیر احمد کو پھانسی دے دی گئی ، نذیر احمد نے 2002 ء میں چارہ کاٹنے کے تنازع پر مشتاق نامی شخص کو موت کے گھاٹ اتار دیا تھا۔ واضح رہے کہ گزشتہ برس دسمبر میں حکومت کی جانب سے سزائے موت پر عمل درآمد شروع ہونے کے بعد سے اب تک ملک کی مختلف جیلوں میں تقریبا 80 افراد کو سزائے موت دی جا چکی ہے۔

متعلقہ عنوان :