شاندار استقبال ۔۔شاندار رخصتی،چینی صدر 2 روزہ سرکاری دورہ پاکستان مکمل کرنے کے بعد وطن واپس روانہ ہوگئیوزیر اعظم نواز شریف،کابینہ ارکان ،تینوں مسلح افواج کے سربراہان نے رخصت کیا،رخصت کرنے سے قبل گارڈ آف آنر پیش کیا گیا،جے ایف 17 تھنڈر کے8 طیاروں نے مہمان کو پاکستانی فضائی حدود سے رخصت کیا

بدھ 22 اپریل 2015 04:44

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔22 اپریل۔2015ء)چینی صدر شی چن پنگ 2 روزہ سرکاری دورہ پاکستان مکمل کر نے کے بعد واپس چین روانہ ہوگئے ،وزیر اعظم نواز شریف ،کابینہ ارکان اور تینوں مسلح افواج کے سربراہان نے مہمان کو رخصت کیا ،رخصتی سے قبل گارڈ آف آنر بھی پیش کیا گیا، جے ایف 17 تھنڈرکے 8 طیاروں نے جس انداز میں چینی صدر کا پاکستانی فضاؤں کی حدود سے استقبال کیا اسی انداز میں رخصت کیا۔

منگل کے روز چینی صدر اور ان کے وفد کو ایوان صدر میں ظہرانہ دیا گیا جہاں سے چینی صدر وطن واپسی روانگی کیلئے نور خان ائیر بیس روانہ ہوئے ،صدر مملکت ممنو ن حسین نے معزز مہمان چینی ہم منصب کو ایوان صدر کے دروازے پر آ کر رخصت کیاجبکہ نورخان ائیر بیس پر چینی صدر کو وزیر اعظم نواز شریف ،کابینہ ارکان اور تینوں مسلح افواج کے سربراہان نے رخصت کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر وزیر اعظم کی اہلیہ کلثوم نواز،وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف ،وزیر خزانہ اسحاق ڈار ،وزیر پٹرولیم شاہد خاقان عباسی ،احسن اقبال ،وزیر اعظم کے مشیر امور خارجہ سرتاج عزیز ،معاون خصوصی عرفان صدیقی ،طارق فاطمی بھی موجود تھے جبکہ نور خان ائیر بیس پر چینی سفیر اور سفارت خانہ کا عملہ بھی اپنے چینی صدرکو رخصت کرنے کے لئے موجود تھے ،چینی صدر نے کابینہ ارکان، پاکستانی حکام اور چینی سفیر اور عملہ کے ساتھ فرداً فرداً مصافحہ کیا ۔

چینی مہمان کو رخصتی سے قبل بھی گارڈ آف آٰنر پیش کیا گیا اور دونوں ملکوں کے قومی ترانے بھی بجائے گئے ،جس انداز میں استقبال کیا گیا تھا اسی انداز میں رخصت کیا گیا ، پاک فضائیہ کے جے ایف 17 تھنڈر کے 8 طیاروں نے چینی صدر کے طیارے کو اپنے حصار میں لے لیا اور مہمان کو پاکستانی فضاؤں کی حدود سے رخصت کیا۔

متعلقہ عنوان :