چینی صدر شی چن پنگ 2 روزہ سرکاری دورے پر پاکستان پہنچ گئے،اسلام آباد پہنچنے پر شاندار اور تاریخی استقبال کیا گیا،صدر،وزیر اعظم ،کابینہ ،تینوں مسلح افواج کے سربراہان ،ارکان پارلیمنٹ نے مہمان کا شاندار استقبال اور مصافحہ کیا،چینی صدر نے کابینہ کے ارکان سے فردا ً فردا ً مصافحہ کیا ،وزیر اعظم نے تعارف بھی کرایا ،سکول کے بچوں نے معزز مہمان پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کیں اور گلدستہ پیش کیا،چینی صدر کو نورخان ائیر بیس پر 21 توپوں کی سلامی، گارڈ آف آنر بھی دیا گیا، جے ایف 17 تھنڈر طیاروں کا خصوصی فلائی پاس کامظاہرہ

منگل 21 اپریل 2015 08:14

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔21 اپریل۔2015ء)چین کے صدرشی چن پنگ 2 روزہ سرکاری دورے پر پاکستان پہنچ گئے ہیں۔چین کے صدرشی چن پنگ خاتون اول، کمیونسٹ پارٹی کے رہنماوٴں اور سرمایہ کاروں کے ہمراہ نور خان ایئر بیس پہنچے تو صدر ممنون حسین، وزیراعظم نواز شریف، مسلح افواج کے سربراہان، وفاقی کابینہ کے ارکان اور وزیر اعلیٰ پنجاب نے ان کا فقید المثال استقبال کیا۔

پیر کے روز چینی صدر اپنی اہلیہ اور دیگر اعلیٰ حکام کے ہمراہ 2 روزہ دورے پر پاکستان پہنچے،چینی صدر کا طیارہ 10بج کر10 منٹ پر پاکستانی حدود میں داخل ہوا جس کے بعد پاک فضائیہ کے 8 جے ایف تھنڈر طیاروں نے چینی صدر کے طیارے کو اپنی حفاظت میں تحویل میں لے لیا ور سلامی پیش کی ۔چینی صدر کا طیارہ10 بج کر48 منٹ پر اسلام آباد میں نور خان ائیر بیس پر لینڈ کیاجہاں پر پہلے سے موجود صدر مملکت ممنون حسین ،وزیر اعظم نواز شریف ،کابینہ ارکان ،تینوں مسلح افواج کے سربراہان ،ارکان پارلیمنٹ ،وزیر اعلیٰ پنجاب ،دفتر خارجہ کے حکام ،چینی سفیراور سفارت خانہ کے عملہ نے چینی صدر کا ریڈکارپٹ پر شاندار استقبال کیا ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر صدر ممنون حسین اور وزیر اعظم نواز شریف کی بیگمات صاحبہ بھی موجود تھیں جنہوں نے چینی صدر کی اہلیہ کا استقبال کیا۔چینی صدرنے سب سے پہلے صدر اور وزیر اعظم سے مصافحہ کیا جس کے بعد چینی صدر نے کابینہ کے تمام ارکان سے فرداً فردا مصافحہ کیا ،وزیر اعظم نے کابینہ کے ارکان کا تعارف بھی کرایا ۔سکولوں کے بچوں نے معزز مہمانان پر پھولوں کی پتیاں نچھاورکیں اور گلدستے پیش کئے۔

چینی صدر کو نورخان ائیر بیس پر 21 توپوں کی سلامی اور گارڈ آف آنر بھی دیا گیا، اس موقع پر دونوں ممالک کے قومی ترانوں کی دھنیں بجائی گئی جب کہ جے ایف 17 تھنڈر طیاروں نے خصوصی فلائی پاس کامظاہرہ کیا۔ پاک فوج کا 111 بریگیڈ چین کے صدر کی سیکیورٹی کے فرائض انجام دیئے۔چینی مہمان پاکستانی ہم منصب ممنون حسین کی گاڑی پر بیٹھ کر اپنی رہائش کی جانب روانہ ہوئے۔