پی ٹی آئی کے ارکان اسمبلی کی پارلیمنٹ میں کوئی حیثیت نہیں رہی،مولانا فضل الرحمان ، استعفیٰ دینے کے بعد 40 دن تک غیر حاضر رہنے والے ارکان اسمبلی کے استعفے خود بخود منظو ر ہو جاتے ہیں،میڈیا سے گفتگو

ہفتہ 18 اپریل 2015 09:05

مردان (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔18 اپریل۔2015ء) جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کے ارکان اسمبلی کی پارلیمنٹ میں کوئی حیثیت نہیں رہی۔ استعفیٰ دینے کے بعد 40 دن تک غیر حاضر رہنے والے ارکان اسمبلی کے استعفے خود بخود منظو ر ہو جاتے ہیں۔ پی ٹی آئی کے ارکان اسمبلی پارلیمنٹ میں اجنبی ہیں۔

(جاری ہے)

جمعہ کے روز ہوتی ہاؤس آمد کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی والے کل تک جس پارلیمنٹ کو کینٹینر پر کھڑے ہو کر گالیاں دے رہے تھے جعلی کہہ رہے تھے آج اسی جعلی پارلیمنٹ میں آنے کے لئے بے صبرے ہو رہے ہیں۔

حکومت کی طرف سے جنہیں فیس سیونگ ملتے ہی پارلیمنٹ میں تشریف لے آئے لیکن مستعفی ارکان کی پارلیمنٹ میں کوئی جگہ نہیں ہوتی۔ انہوں نے مزید کہا ہے کہ سعودی عرب اور پاکستان کے درمیان مضبوط تعلقات ہیں۔ پاکستان سعودی عرب کی سلامتی کا بھرپور دفاع کرے گا۔ حرمین شریفین کا دفاع مسلمان ہونے کے ناطے امت مسلمہ کا فرض ہے۔ خطے میں شیعہ سنی جنگ نہیں ہے بلکہ سعودی عرب کے خلاف جنگ ہے۔ امت مسلمہ کو متحد ہو کر سعودی عرب کا دفاع یقینی بنانا ہو گا۔ حرمین شریفین کا دفاع ہمارے ایمان کا حصہ ہے۔