مستحکم پالیسیوں کی وجہ سے پاکستان کی معیشت درست سمت پر جا رہی ہے، اسحاق ڈار،عالمی اداروں نے پاکستان کی معاشی صورتحال کو بہتر قرار دیا ہے، واشنگٹن میں امریکی ایگزیم بنک کے چیرمین سے ملاقات میں گفتگو

ہفتہ 18 اپریل 2015 09:03

واشنگٹن (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔18 اپریل۔2015ء)وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہاہے کہ مستحکم پالیسیوں کی وجہ سے پاکستان کی معیشت درست سمت پر جا رہی ہے عالمی اداروں نے پاکستان کی معاشی صورتحال کو بہتر قرار دیا ہے ان خیالات کا اظہار انہوں نے واشنگٹن میں امریکی ایگزیم بنک کے چیرمین فیڈ ہوچ برگ سے ملاقات کے دوران کی انہوں نے ایگزیم بنک کی جانب سے پی آئی اے کو انجنوں کی مرمت کے لئے قرضوں کی فراہمی پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہاکہ پاکستان کی بہتر معاشی صورتحال کے بعد آئی بی آر ڈی کے قرضوں کو اہل ہوگیا ہے انہوں نے کہا کہ ایگزیم بنک پاکستان کی ریٹنگ کو مذید بہتر کرے اور خطے کی دیگر ممالک کی طرح پاکستان کو بھی سہولیات فراہم کرے ایگزیم بنک کے چیرمین نے کہاکہ ایگزیم بنک نے پاکستان کو پہلے بھی پی آئی اے کو بوئنگ777کی خریداری کیلئے 10سالہ مدت کے لئے قرضہ فراہم کیا تھا جو اب ادائیگی کے قریب ہے اگر پاکستان پی آئی اے کے لئے جہازوں کی خریداری کے لئے مذید قرضے کی درخواست کرے گا تو بنک اسپر غور کرے گا انہوں نے بتایاکہ امریکی سرمایہ کار پاکستان کی موجودہ بہتر سیاسی معاشی اور اقتصادی صورتحال کے بعد پاکستان میں سرمایہ کاری کے خواہشمند ہیں اور ایگزیم بنک پاکستان کے مختلف منصوبوں میں سرمایہ کاری کرے گا ۔