تحریک انصاف نے انتخا بی دھاندلی کے ثبوتوں کے دو کمروں سمیت ٹرک بھی بھر دیئے ہیں، جہانگیر ترین ،دھاندلی کے ثبوتوں میں آڈیو ویڈیو تحریری اور فوٹیج سمیت دیگر شواہد شامل ہیں،کمیشن جو بھی فیصلہ کرے گا تحریک انصاف اسے قبول کریگی،گفتگو

ہفتہ 18 اپریل 2015 09:03

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔18 اپریل۔2015ء) تحریک انصاف کے مرکزی سیکرٹری جنرل جہانگیر ترین نے کہا ہے کہ 2013ء کے انتخابات میں دھاندلی کے دو کمروں سمیت ٹرک بھی ثبوت سے بھرے ہیں لیکن اب صرف نادرا کی رپورٹوں کا انتظار ہے جو کہ نادرا نے تو معذرت کی لیکن کمیشن نے طلب کرلی ہیں ۔ بدھ کے روز تحریک انصاف مکمل دھاندلی کے ثبوتوں کے ساتھ کمیشن میں پیش ہوئی کمیشن جو بھی فیصلہ کرے گا تحریک انصاف اسے قبول کریگی ۔

جمعہ کے روز تحریک انصاف کے سیکرٹری جنرل جہانگیر ترین نے خبر رساں ادارے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ تحریک انصاف نے دھاندلی کے ثبوتوں کے دو کمروں سمیت ٹرک بھی بھر دیئے ہیں لیکن تحریک انصاف اب حکومت تونہیں کہ وہ جوچیز کہے اسے فوری طورپر مہیا کردی جائے اس لئے ہم نے نادرا سے رپورٹس طلب کی تھیں لیکن نادرا نے معذرت کرلی جس کے بعد اب کمیشن سے ہم نے رپورٹس طلب کی ہیں تو جونہی رپورٹس مہیا ہونگی اس کے مطابق تمام تیاریاں کرکے بدھ کے روز مکمل تیاری کے ساتھ کمیشن میں پیش ہوکر دھاندلی کے شواہد جمع کرائے ان شواہد میں آڈیو ویڈیو تحریری اور فوٹیج سمیت دیگر شواہد شامل ہیں ۔

(جاری ہے)

جہانگیر ترین نے کہا کہ تحریک انصاف کو کمیشن نے بڑی جرات دی ہے اور اب تحریک انصاف کمیشن سے مطمئن ہے کمیشن جو بھی فیصلہ کرے گا اس کو دل سے قبول کرینگے لیکن ثبوتوں کے بعد محسوس ہورہا ہے کہ 2015ء الیکشن کا سال ہے جبکہ جہانگیر ترین نے مزید ثبوتوں کے حوالے سے سوال پر تبصرہ کرنے سے گریز کرتے ہوئے بتایا کہ کمیشن نے تحریک انصاف کو ہدایت کی ہے کہ وہ ثبوتوں کے حوالے سے زیادہ میڈیا پر بات نہ کریں جبکہ عمران خان کے بیان کہ ایم آئی بریگیڈئرز کے پاس دھاندلی کے شواہد ہیں پر جہانگیر ترین کا کہنا تھا کہ وہ اس حوالے سے عمران خان سے رابطہ کرینگے اور پھر بتائیں گے ۔