کراچی میں امریکی شہری پر حملے کی تحقیقات کررہے ہیں، امریکہ،یمن میں فوج بھیجنا پاکستان کا اندرونی معاملہ ہے۔ جان کیری کی وزیراعظم سے بات چیت میں ذکی الرحمان لکھوی کا معاملہ بھی زیر بحث آیا تھا، رہائی پر تشویش ہے ،تر جما ن امریکی محکمہ خارجہ

ہفتہ 18 اپریل 2015 08:55

واشنگٹن (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔18 اپریل۔2015ء)امریکی محکمہ خارجہ نے کہا ہے کہ یمن میں فوج بھیجنے کا فیصلہ پاکستان نے کرنا ہے ، ممبئی حملوں کے ماسٹر مائنڈ ذکی الرحمان لکھوی کی رہائی پر تشویش ہے۔دارالحکومت واشنگٹن میں میڈیا بریفنگ کے دوران ترجمان امریکی محکمہ خارجہ میری ہارف کا کہنا تھا کہ وزیر خارجہ جان کیری نے پاکستانی وزیر اعظم نواز شریف سے یمن اور لکھوی کی رہائی سمیت مختلف موضوعات پر بات چیت کی۔

ترجمان نے کہا وزیر خارجہ کیری اور وزیر اعظم نواز شریف یمن کے مسئلے کے سیاسی حل کے حامی ہیں۔

(جاری ہے)

دونوں رہنما یمن کی لڑائی کے پھیلنے کے خلاف ہیں اور مذاکرات پر زور دیتے ہیں۔ انہوں نے اس بات کی تردید کی کہ امریکا چاہتا ہے کہ پاکستان یمن میں فوج بھیجے ، وزیر خارجہ کیری نے لکھوی کی رہائی پر تشویش کا اظہار کیا اور اس بات پر زور دیا کہ دہشتگردی کے متاثرین کے اہلخانہ کو انصاف دیا جائے اور دہشتگردوں کو قید رکھا جائے۔ - امریکی محکمہ خارجہ نے کہا ہے کہ کراچی میں امریکی شہری پر حملے کی تحقیقات کی جارہی ہے۔ کراچی میں امریکی قونصل خانے کے حکام سے رابطے میں ہیں اور حملے کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنے کی کوشش کررہے ہیں اور کراچی کی پولیس حملے کی تحقیقات کررہی ہے۔