بھارتی فوج کی فائرنگ سے مقبوضہ کشمیر میں 2 کشمیری شہید، 14 زخمی ہوگئے

ہفتہ 18 اپریل 2015 08:55

سری نگر (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار. 17 اپریل 2015 ء) مقبوضہ کشمیر میں حریت رہنما مسرت عالم کی گرفتاری کے خلاف نکالی گئی ریلی کے شرکا پر قابض بھارتی فوج نے بربریت کی ایک اور مثال قائم کرتے ہوئے فائرنگ اور لاٹھی چارج کردیا جس کے نتیجے میں 2 کشمیری شہید اور 12 زخمی ہوگئے۔مقبوضہ وادی میں حریت رہنما مسرت عالم کی گرفتاری کے خلاف میر واعظ عمر فاروق کی قیادت میں نکالی گئی ریلی میں ہزاروں افراد نے سری نگر کی سڑکوں پر مارچ کیا، اس دوران شرکا نے بھارت مخالف نعرے بازی کی اور بھارتی پرچم بھی نذر آتش کردیا جس کے بعد قابض بھارتی فوج نے نہتے کشمیریوں پر اندھا دھند فائرنگ، لاٹھی چارج اور شیلنگ کی شروع کردی جس کے نتیجے میں 14 کشمیری زخمی ہوگئے جن میں سے 2 زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جان کی بازی ہار بیٹھے۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ گزشتہ روز حریت رہنماؤں سید علی گیلانی اور مسرت عالم کی قیادت میں سری نگر میں بھارتی مظالم کے خلاف ریلی نکالی گئی تھی جس میں کشمیریوں نے پاکستانی پرچم لہراتے ہوئے پاکستان کے حق میں اور بھارت کے خلاف نعرے لگائے جس سے وادی گونج اٹھی جس پر بھارتی پولیس نے کارروائی کرکے نہ صرف متعدد افرادکوگرفتارکرلیا بلکہ پاکستانی پرچم لہرانے پر حریت رہنما سید علی گیلانی اور مسرت عالم سمیت دیگرمقامی رہنماؤں کے خلاف مقدمہ کرتے ہوئے انہیں گھروں میں نظر بند کردیا۔

دوسری جانب ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے مقبوضہ وادی میں کشمیریوں پر بھارتی فوج کے تشدد پر رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ پاکستان نے ہمیشہ کشمیریوں کے حق خودارادیت کی بات کی ہے، کشمیریوں کے پاکستان کے حق میں نعرے والہانہ جذبات کا اظہار ہیں، کشمیریوں کی تحریک آزادی کو تشدد سے نہیں دبایا جاسکتا۔ دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی ظالمانہ تشدد افسوسناک ہے جب کہ علاقے میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں کی جارہی ہیں جس پر عالمی برادری کو نوٹس لینا چاہیئے۔